کوئٹہ میں آٹا کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں فی کلو آٹے کی قیمت 125 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ایک کلو آٹے کی یہ قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔
کوئٹہ سے وائس آف امریکہ کے نمائندے مرتضیٰ زہری کے مطابق شہر میں آٹے کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس کے بعد دکان داروں نے اس کے نرخ بڑھا دیے ہیں۔
اس وقت 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2500 روپے تک پہنچ گئی ہے، ایک ہفتے قبل یہ قیمت 1800 روپے تھی۔
دکان داروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کی وجہ سے فلور ملز سے آٹا نہیں مل رہا، قلت کے باعث گاہکوں کو بھی پانچ کلو تک آٹا دیا جا رہا ہے۔
چمن سے کوئٹہ ٹرین سروس بحال
چمن سے کوئٹہ جانے والی مسافر ٹرین سروس لگ بھگ 20 روز بعد بحال کر دی گئی ہے۔
بلوچستان میں حالیہ سیلاب کے باعث چمن سے کوئٹہ جانے والا ریلوے ٹریک متاثر ہو گیا تھا جس کی وجہ سے اسے 19 اگست کو ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
پیر کو چمن سے کوئٹہ کے لیے مسافر ٹرین کو روانہ کیا گیا ہے۔
بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کے باعث بند ہونے والے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ہیں۔
وزیرِ تعلیم بلوچستان میر نصیب اللہ خان مری کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں اسکول اور کالجز پیر سے کھل گئے ہیں تاہم نصیر آباد اور جعفر آباد کے اسکول کھولنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 22 اگست سے صوبے کے تمام اسکول اور کالجز بند کردیے گئے تھے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی
پنجاب میں قدرتی آفات میں بحالی کا کام کرنے والے ادارے پی ڈی ایم اے نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال جہلم، سیالکوٹ، لاہور اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جب کہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
بیان کے مطابق جنوبی پنجاب میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
خیال رہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں آنے والے سیلاب کے باعث لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور سڑکوں پر بنائے گئے عارضی کیمپوں میں کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔