اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو سیلاب پر بریفنگ
دو روزہ دورۂ پاکستان پر اسلام آباد میں موجود اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بریفنگ دی گئی ہے۔
میجر جنرل ظفر اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے 40 لاکھ ایکڑ اراضی متاثر ہوئی ہے جب کہ قومی شاہراہوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
کوآرڈنیٹر برائے نیشنل فلڈ ریسپانس اینڈ کوآرڈنیشن سینٹر میجر جنرل ظفر اقبال نے مزید بتایا کہ پاکستان کے ایک تہائی حصے کو سیلابی صورتِ حال کاسامنا ہے۔
میجر جنرل ظفر اقبال نے بتایا کہ بلوچستان کے چار اضؒلاع میں اب بھی سیلابی پانی موجود ہے جب کہ آئندہ ہفتے سے سندھ کی صورت حال میں بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔
سندھ میں عالمی ادارۂ صحت کے چار ہنگامی امداد کے سینٹر قائم
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے سندھ میں چار ہنگامی سینٹرز قائم کیے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے بیان کے مطابق لاڑکانہ، سکھر، حیدر آباد اور ٹھٹھہ میں ایمرجنسی آپریشنز سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔
بیان کے مطابق ڈبلیو ایچ او سیلاب زدہ علاقوں میں اپنی موجودگی میں اضافہ کر رہی ہے۔
ہنگامی امداد سینٹرز بھی اسی لیے قائم کیے گئے ہیں تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں امداد کے سلسلے کو تیز کیا جا سکے۔
اقوام متحدہ کی متاثرین کے لیے امداد، سندھ پر زیادہ توجہ
اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ اس نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ایک فضائی راہداری قائم کی ہے۔
ایک بیان کے مطابق بلوچستان میں تین لاکھ 36 ہزار افراد کو خوراک یا مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔
بیان کے مطابق سندھ میں ایک لاکھ 17 ہزار افراد کو مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر امداد کا ادارہ دیگر شراکت داروں کے ساتھ جنوبی سندھ کے زیادہ متاثرہ علاقوں پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔
چین سے پاکستان امداد کی آمد شروع
پاکستان کا پڑوسی ملک چین سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد کی فراہمی میں اسلام آباد کی معاونت کر رہا ہے۔
چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا ہے کہ چین سے پاکستان کو سیلاب زدگان کی امداد کی فراہمی جاری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے کھانے پینے کی اشیا کی پہلی کھیپ خنجراب پاس کے ذریعے پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان پہنچ گئی ہے۔
پاکستان کے سفیر نے چین کے صوبے سنکیانگ کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بروقت اور فراخ دلانہ اقدام ہے۔