پاکستان کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی
پاکستان کے محکمۂ موسمیات نے ہفتے کی رات سے منگل تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
ہفتے کو محکمۂ موسمیات کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق بحیرۂ عرب سے کم شدت کی مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔
پاکستان میں مزید بارشوں کی پیش گوئی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب پاکستان کے چاروں صوبوں میں سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے اور لاکھوں لوگ بے گھر ہیں۔
فرانس کی پاکستانی سیلاب متاثرین کے لیے امداد
سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے فرانس کی جانب سے بھیجی گئی امداد پاکستان پہنچ گئی ہے۔
پاکستان کے وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل نے اس امداد کو وصول کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں فرانس کے سفیر بھی موجود تھے۔
نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا پہلا اجلاس
پاکستان میں سیلاب کی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے قائم کیے گئے نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی) کا پہلا اجلاس ہفتے کو منعقد ہوا۔
اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس میں این ایف آر سی سی کے نائب چیئرمین اور وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، چیئرمین این ڈی ایم اے، این ایف آر سی سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور ریلیف ورک کا جائزہ لیا گیا۔