افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد کا سلسلہ جاری
پاکستان کے پڑوسی ملک افغانستان سے طور خم کے راستے پیاز اور ٹماٹر کی درآمدات کا سلسلہ جاری ہے۔
کسٹم حکام کے مطابق گزشتہ چار دنوں میں 222 ٹرکوں پر مشتمل چھ ہزار میٹرک ٹن ٹماٹر درآمد کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان سے 308 ٹرکوں کے ذریعے نو ہزار میٹرک ٹن پیاز بھی ملک میں درآمد کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے سیلاب کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتِ حال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے افغانستان اور ایران سے پیاز اور ٹماٹر کی درآمدات پر ڈیوٹی معاف کر دی ہے۔
اس ضمن میں طور خم سرحد پر پیاز اور ٹماٹر سے لدھے ٹرکوں کی کلیئرنس کے لیے کسٹم کا عملہ دن رات تعینات ہے۔
حکام کا دعویٰ ہے کہ افغانستان سے ڈیوٹی فری درآمد کےباعث ملک میں پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی
پنجاب میں قدرتی آفات میں بحالی کا کام کرنے والے ادارے پی ڈی ایم اے نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال جہلم، سیالکوٹ، لاہور اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جب کہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
بیان کے مطابق جنوبی پنجاب میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
خیال رہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں آنے والے سیلاب کے باعث لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور سڑکوں پر بنائے گئے عارضی کیمپوں میں کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔
بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کے باعث بند ہونے والے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ہیں۔
وزیرِ تعلیم بلوچستان میر نصیب اللہ خان مری کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں اسکول اور کالجز پیر سے کھل گئے ہیں تاہم نصیر آباد اور جعفر آباد کے اسکول کھولنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 22 اگست سے صوبے کے تمام اسکول اور کالجز بند کردیے گئے تھے۔