چمن سے کوئٹہ ٹرین سروس بحال
چمن سے کوئٹہ جانے والی مسافر ٹرین سروس لگ بھگ 20 روز بعد بحال کر دی گئی ہے۔
بلوچستان میں حالیہ سیلاب کے باعث چمن سے کوئٹہ جانے والا ریلوے ٹریک متاثر ہو گیا تھا جس کی وجہ سے اسے 19 اگست کو ٹرینوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
پیر کو چمن سے کوئٹہ کے لیے مسافر ٹرین کو روانہ کیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں آٹا کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں فی کلو آٹے کی قیمت 125 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ایک کلو آٹے کی یہ قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔
کوئٹہ سے وائس آف امریکہ کے نمائندے مرتضیٰ زہری کے مطابق شہر میں آٹے کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس کے بعد دکان داروں نے اس کے نرخ بڑھا دیے ہیں۔
اس وقت 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2500 روپے تک پہنچ گئی ہے، ایک ہفتے قبل یہ قیمت 1800 روپے تھی۔
دکان داروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کی وجہ سے فلور ملز سے آٹا نہیں مل رہا، قلت کے باعث گاہکوں کو بھی پانچ کلو تک آٹا دیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں اور خیبر پختونخوا میں پیر کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ سے ملحقہ علاقوں میں 51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ راولپنڈی میں 46، گجرات 37، اٹک 33، جہلم 12، منگلہ 34 اور مری میں چھ ملی میٹر بارش ہوئی۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے صدر مقام پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ کے اطراف سات ملی میٹر، کاکول میں 92، سیدو شریف 12، مردان 8، مالم جبہ 6، اپر دیر میں دو اور لوئر دیر میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمۂ موسمیات نے منگل کو بھی بالائی خیبرپختو نخوا اوربالائی پنجاب میں تیز ہواؤں ا ور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
لینڈ سلائیڈنگ سے سوات ایکسپریس وے بند
خیبر پختونخوا کے علاقے ملاکنڈ میں تیز طوفانی بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ سے سوات ایکسپریس وے بند ہو ئی ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ سے سوات ایکسپریس وے پلائی کے مقام پر بند ہوگئی ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے۔
ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد اور پشاور سے آنے والی ٹریفک کو کاٹلنگ انٹرچینج سے آؤٹ کرایا جا رہا ہے جب کہ سوات سے آنے والی ٹریفک کے لیے ایکسپریس وے چکدرہ کے مقام پر بند کی گئی ہے۔
حکام نے موٹروے پولیس کو فوری طور پر ایکسپریس وے سے ملبہ ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹرز کو متبادل راستہ اختیار کرنے کے لیے بھی کہا جا رہا ہے۔