ترک پولیس کا کہنا ہے کہ گذشتہ اختتامِ ہفتہ جس منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے داعش کے 155 مشتبہ شدت پسند عناصر کو گرفتار کیا گیا، وہ غیر ملکی افراد ہیں۔
انسداد دہشت گردی سے متعلق اہل کاروں نے ہفتے کے روز داعش کے ان چار مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا، جنھوں نے مبینہ طور پر اس حملے کی سازش کی منصوبہ سازی کی تھی۔ پولیس ذرائع کے حوالے سے ترک ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ اِن میں سے دو ترک نژاد آسٹریائی شہری ہیں۔
استنبول پولیس حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے دہشت گرد گروپ نے استنبول کے بائیپاسا ضلع میں واقع شاپنگ مال کو ہدف بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی، جو شہر کے یورپی اطراف میں واقع ہے۔
پولیس کے مطابق، ہفتے کے روز شاپنگ مال کی پارکنگ سے دھماکہ خیز مواد سے لدی ایک کار اور ایک موٹر سائیکل جس میں بم نصب تھے، برآمد کی گئیں۔
ترک ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ عین ممکن ہے کہ حملہ آوروں نے اتوار کے روز یومِ جمہوریہ کی تقریبات کو ہدف بنانے کا سوچ رکھا ہو۔
اس واقعے کے بعد حکام نے ملک بھر کے اہم شہروں میں، جن میں استنبول، انقرہ اور ازمیر شامل ہیں، داعش کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے استنبول میں دو دہشت گرد نیٹ ورکس کا صفایا کر دیا ہے۔
گذشتہ دو برسوں کے دوران، داعش کے شدت پسند متعدد بار ترکی کو ہدف بناتے رہے ہیں۔