رسائی کے لنکس

لیبیا: داعش پر نو غیر ملکیوں کے اغوا کا الزام


Thayland kralı Bhumibol Adulyadey
Thayland kralı Bhumibol Adulyadey

آسٹریا کی وزارتِ خارجہ کے مطابق ان افراد میں آسٹریا، چیک ری پبلک، بنگلہ دیش اور فلپائن کے علاوہ کم از کم ایک افریقی ملک کے شہری شامل ہیں۔

آسٹریا کی وزارتِ خارجہ نے انکشاف کیا ہے کہ شدت پسند تنظیم داعش کے جنگجووں نے گزشتہ ہفتے لیبیا میں کئی غیر ملکیوں کو یرغمال بنالیا تھا جو تاحال شدت پسندوں کی تحویل میں ہیں۔

آسٹرین وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان نے پیر کو ویانا میں صحافیوں کو بتایا ہے کہ شدت پسندوں نے گزشتہ ہفتے 'الغنی' نامی آئل فیلڈ پر حملے کے دوران وہاں کام کرنے والے کم از کم نو غیر ملکیوں کو اغوا کیا تھا جس کے بعد سے ان کی کوئی خیر خبر نہیں۔

ترجمان کے مطابق ان افراد میں آسٹریا، چیک ری پبلک، بنگلہ دیش اور فلپائن کے علاوہ کم از کم ایک افریقی ملک کے شہری شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آسٹریا کو ملنے والی مصدقہ اطلاعات کے مطابق ان افراد کو اغوا کرنے والوں کا تعلق دولتِ اسلامیہ سے تھا اور جب مغویوں کو آئل فیلڈ سے لے جایا گیا تو وہ زخمی نہیں تھے۔

پیر کو بنگلہ دیش کی وزارتِ خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ لیبیا میں ایک آئل فیلڈ سے اغوا کیے جانے والے غیر ملکیوں میں اس کا بھی ایک شہری شامل ہے۔

اطلاعات کے مطابق تمام مغوی 'الغنی' آئل فیلڈ کی منتظم کمپنی 'ویلیو ایڈڈ آئل فیلڈ سروسز ' کے ملازم تھے۔ کمپنی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسے نہیں معلوم کہ حملے میں کون سا گروہ ملوث ہے اور ملازمین کو اغوا کے بعد کہاں لے جایا گیا ہے۔ انتظامیہ نے اغوا ہونے والے ملازمین کی شناخت بھی ظاہر نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ذرائَع ابلاغ کو بذریعہ ای میل بھیجے جانے والے اپنے ایک بیان میں کمپنی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ مغوی ملازمین کی رہائی کے لیے آسٹریا کی وزارتِ خارجہ کے حکام کے ساتھ قریبی تعاون کر رہی ہے۔

لیبیا میں صدر معمر قذافی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شدت پسند تنظیموں اور ملیشیاؤں نے اپنی کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے اور لیبیا کی تیل کی صنعت سے منسلک غیر ملکی ان کا خاص ہدف بن رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG