رسائی کے لنکس

سال 2016ء کا بجٹ، 4 ٹریلین ڈالر کی تجاویز کانگریس روانہ


مجوزہ ٹیکس کی مدد سے ملک کے ہائی ویز کی بہتری، زبوں حال پُلوں اور دیگر کلیدی زیریں ڈھانچے کی تعمیر کے لیے تقریباً 500 ارب ڈالر میسر آئیں گے؛ جب کہ متمول ٹیکس دہندگان کو زیادہ بِل ادا کرنے پڑیں گے

امریکی صدر براک اوباما نے پیر کو 4 ٹرلین ڈالر مالیت کی اخراجاتی تجاویز کانگریس کو بھیج دی ہیں، جن میں 2016ء کے دوران دولت مندوں پر زیادہ محصول عائد کرنے کے لیے کہا گیا ہے، جس کا مقصد ناگزیر کٹوتیاں عمل میں لانا اور ملک کے مالیاتی مشکل کے شکار متوسط طبقے کی مدد کے لیے زیادہ رقم دستیاب کرنا ہے۔

امریکی معیشت دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہے، جس میں رفتہ رفتہ بہتری کے آثار نمایاں ہیں۔ مسٹر اوباما بیرون ملک بڑے اداروں کو حاصل منافعے پر ایک بار 14 فی صد ٹیکس نافذ کیے جانے کے حق میں ہیں۔

مجوزہ ٹیکس کی مدد سے ملک کے ہائی ویز کی بہتری، زبوں حال ہوتے ہوئے پُلوں اور دیگر کلیدی زیریں ڈھانچے کی تعمیر کے لیے تقریباً 500 ارب ڈالر میسر آئیں گے؛ جب کہ متمول ٹیکس دہندگان کو زیادہ بِل ادا کرنے پڑیں گے، جس سے حاصل ہونے والی مالیت کی مدد سے نچلے اور متوسط طبقے کی ٹیکس کریڈٹ میں بہتری لانے کی غرض سے 300 ارب ڈالر دستیاب ہوں گے۔

این بی سی کے پروگرام ’ٹوڈے شو‘ کے لیے خصوصی انٹرویو میں، مسٹر اوباما نے کہا ہے کہ، ’چار برس قبل کے مقابلے اب اس ملک کی صورت حال کہیں بہتر ہے۔ لیکن، جس بات کا ہمیں خاصا ادراک ہے، وہ یہ کہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کی اجرت اور آمدن میں بہتری آتی جا رہی ہے‘۔

اُنھوں نے کہا کہ، ’ایسا ہے کہ، جب ہم پچھلے 30 برس کے دوران ترقی کی رفتار کو دیکھتے ہیں۔ تو پھر یہ اس سے زیادہ تیز نہیں ہے، یعنی بڑے اداروں کی اجارہ داری اور چوٹی کی سطح پر کیا کچھ ہو رہا ہے‘۔

چار برس قبل، اُس وقت کےبجٹ بحران کو حل کرنے کے لیے، مسٹر اوباما اور کانگریس نے آئندہ سالوں کے دوران اخراجات میں لازمی کٹوتیاں لانے سے اتفاق کیا تھا۔

تاہم، اب ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے صدر ریپبلیکن پارٹی کی اکثریت والی کانگریس پر زور دے رہے ہیں کہ اکتوبر میں اسی سال شروع ہونے والےبچت اقدامات کو مکمل طور پر ’پلٹ دیا جائے‘۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ازخود عمل میں آنے والی اخراجاتی کٹوتیوں کے نتیجے میں امریکی معاشی افزائش کو دھچکا لگا ہے، جب کہ امریکی فوج کو نقصان پہنچا ہے۔

اخراجاتی خاکے میں اُن مدوں اور موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے، جن نے بارے میں مسٹر اوباما نے اپنے ’اسٹیٹ آف دی یونین‘ خطاب میں نشاندہی کی تھی، جن میں کمیونٹی کالج تعلیم کو دو سال تک مفت کرنا اور اطفال کی دیکھ بھال سے متعلق اعانت کے کام کو وسعت دینے کے لیے کہا گیا ہے۔

ایسے میں جب زیادہ تر ڈیموکریٹس بجٹ تجاویز سے متفق ہیں، ریبپلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے قانون ساز پہلے ہی اخراجاتی منصوبے پر سخت اعتراضات اٹھا چکے ہیں، جن میں متعدد کا کہنا ہے کہ بجٹ تجاویز بہت ہی مہنگی پڑیں گی۔

XS
SM
MD
LG