رسائی کے لنکس

راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن، آسٹریلیا نے بھی رنز کا انبار لگا دیا


پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں جاری پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 449 رنز بنا لیے ہیں۔

ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بارش کے باعث کھیل تاخیر سے کھانے کے وقفے کے بعد شروع ہوا تو آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ اور مارنس لبوشین نے آسٹریلوی اننگز کو آگے بڑھایا۔

راولپنڈی میں اتوار کی شب ہونے والی بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہو گئی تھی جس کی وجہ سے میچ وقت پر شروع نہیں ہو سکا تھا۔

آسٹریلیا کا ٹوٹل جب 311 پر پہنچا تو مارنس لبوشین 90 رنز بنا کر سلپ میں شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

لبوشین کے بعد ٹریوس ہیڈ بیٹنگ کے لیے آئے، لیکن وہ زیادہ تر راولپنڈی کی بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر قیام نہ کر سکے اور صرف آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کیمرون گرین اور اسٹیو اسمتھ نے آسٹریلیا کے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کی کوشش کی، تاہم 407 رنز کے مجموعی اسکور پر کیمرون گرین بھی ہمت ہار گئے، اُنہیں نعمان علی نے پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلیا کا اسکور جب پانچ وکٹوں کے نقصان پر 422 پر پہنچا تو اسٹیو اسمتھ بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور 78 رنز بنا کر نعمان علی کا ہی شکار بنے۔

آسٹریلیا کا اسکور جب 444 پر پہنچا تو الیکس کیری کو نسیم شاہ نے بولڈ کر دیا۔

ایک سو سینتیس اوورز کے اختتام پر امپائرز نے کم روشنی کے باعث چوتھے روز کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا تو آسٹریلیا پاکستان کے ٹوٹل 476 رنز سے صرف 27 رنز پیچھے تھا۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی کامیاب بالر رہے، اُنہوں نے 37 اوورز میں 107 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ساجد خان، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

س سے قبل پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 476 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جس میں اوپننگ بلے باز امام الحق اور مڈل آرڈر بیٹر اظہر علی کی سینچریاں شامل تھیں۔
XS
SM
MD
LG