فرانس میں گذشتہ ہفتے دہشت گردی کے واقعے کے بعد سے ملک کے ’حساس مقامات‘ کی سیکورٹی بڑھاتے ہوئے، 10000 فوجی دستے کیے جا رہے ہیں۔
فرانسیسی وزیر دفاع نے پیر کے روز اخباری نمائندگان سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ فوجی دستے منگل کی شام سے اپنی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔
فرانس کی جانب سے ملک میں قائم 717 یہودی سکولوں کی سیکورٹی پر خاص توجہ دی جا رہی ہے اور فوجی دستوں کی نصف تعداد ان سکولوں پر تعینات کی جائے گی۔
دوسری طرف، امریکی وزیر ِخارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ وہ جمعرات کے روز فرانس پہنچیں گے اور دہشت گردی اور شدت پسندی کے سدِباب اور مقابلے کے لیے فرانسیسی حکام کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
امریکی وزیر ِخارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی انٹیلی جنس اور ایف بی آئی اس معاملے پر فرانسیسی تفتیش کاروں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور فرانسیسی تفتیش کاروں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کریں گے۔
جان کیری کا کہنا تھا کہ وہ اور صدر اوباما گذشتہ ہفتے پیرس میں پیش آنے والے واقعے کے بعد سے فرانس کے ساتھ مستقل رابطے میں ہیں۔