رسائی کے لنکس

فرانس، میکسیکو نے امریکہ سے وضاحت طلب کر لی


ایڈورڈ اسنوڈن کے نئے انکشافات کے مطابق امریکہ کی نیشنل سکیورٹی ایجنسی نے فرانسیسی شہریوں اور میکسیکو کے صدر کے ٹیلی فون اور انٹرنیٹ پر رابطوں کی نگرانی کی تھی۔

فرانس اور میکسیکو نے امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے سابق ملازم ایڈورڈ اسنوڈن کی طرف سے مبینہ جاسوسی کے بارے میں نئے انکشافات پر امریکہ سے وضاحت طلب کی ہے۔

فرانس کے وزیر خارجہ لوراں فابیوس نے پیر کو بتایا کہ اُنھوں نے امریکہ کے سفیر کو بلا کر اُن سے ’لی مونڈی‘ اخبار میں شائع ہونے والے اس مضمون سے متعلق وضاحت چاہی جس میں لکھا گیا ہے کہ نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کی طرف سے فرانسیسی شہریوں کی بڑے پیمانے پر نگرانی کی جاتی رہی۔

مضمون میں یہ الزام لگایا گیا کہ ایک مہینے کے عرصے میں فرانس کے لاکھوں ٹیلی فون ریکارڈ این ایس اے نے جمع کیے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ دعوے ’حیران کن‘ ہیں۔

دریں اثنا میکسیکو نے جرمن جریدے ’اشپیگل‘ میں شائع ہونے والے اُس مضمون پر ناراضگی کا اظہار کیا جس میں اسنوڈن نے الزام لگایا کہ امریکی کی نیشنل سکیورٹی ایجنسی نے میکسیکو کے سابق صدر فیلیپے کالدیرون کی ای میلز تک رسائی حاصل کی۔

میکسیکو کی وزارت خارجہ نے اس قسم کی کسی بھی کارروائی کو ’’ناقابل قبول، غیر قانونی اور میکسیکو اور بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا‘‘۔

اسنوڈن نے روس میں پناہ لے رکھی ہے اور وہ امریکہ کو جاسوسی اور دیگر کئی الزامات میں مطلوب ہے۔ ایڈروڈ اسنوڈن نے ’این ایس اے‘ کی خفیہ معلومات افشاں کی تھیں۔
XS
SM
MD
LG