رسائی کے لنکس

امریکہ: جو ویکسین لگوائے گا اسے مفت ڈونٹ ملے گا


کرونا وائرس کے مریضوں کو مفت ڈونٹ بانٹے جا رہے ہیں۔
کرونا وائرس کے مریضوں کو مفت ڈونٹ بانٹے جا رہے ہیں۔

امریکہ میں ڈونٹ بنانے والی ایک کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ویکسین لگوانے والوں کو مفت میں ڈونٹ دے گی۔

پیر کے روز سے ڈونٹ بنانے والے امریکی کاروبار نے ان لوگوں کو مفت ڈونٹ دینے کا اعلان کیا ہے، جو اپنا کرونا وائرس کی ویکسین کا کارڈ دکھائیں گے۔

ڈونٹ اسٹور کے ایک 32 سالہ کسٹمر نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جیسے ہی یہ خبر سنی، وہ سیدھے ڈونٹ لینے آ پہنچے۔

ڈونٹ کمپنی کرسپی کریم کے مارکیٹنگ آفیسر ڈیو سکینا کا کہنا تھا کہ یہ فری ڈونٹ 2022 تک روزانہ ان لوگوں کو ملیں گے، جنہوں نے ویکسین لگوائی ہے۔ اس طرح جو لوگ ابھی تک ویکسین نہیں لگوا سکے، انہیں بھی جلد یا بدیر ان کا مفت ڈونٹ مل جائے گا۔

ٹوئٹر پر اس پر بات کرتے ہوئے کچھ لوگوں نے لکھا کہ موٹاپے اور کرونا وائرس سے شدید بیمار ہونے میں تعلق ہے۔

اس کے جواب میں سکینا نے کہا کہ ہر پراڈکٹ میانہ روی سے کھایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے صارفین اس قدر سمجھدار ہیں کہ وہ اس میں زیادتی نہیں کریں گے۔

کرسپی کریم نے 2020 میں تین کروڑ مفت ڈونٹ بانٹے ہیں۔ سکینا کا کہنا ہے کہ اس سال وہ شاید اس سے زیادہ مفت ڈونٹ بانٹیں۔

امریکہ میں کاروبار اور کمپنیاں اپنے صارفین اور ملازمین کو کرونا وائرس کی ویکسین کی خوراک لینے کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات کی آفر کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے فوربز کے مطابق ڈالر جنرل، ٹریڈر جوز، انسٹاکارٹ جیسے اداروں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو ویکسین لگوانے کے بدلے انعامات سے نوازنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

فوربز سے بات کرتے ہوئے آن لائین تعلیم فراہم کرنے والی کمپنی ٹیسٹ پریپ انسائٹ کے سی ای او جان راس نے کہا کہ انہیں یہ معلوم ہوا ہے کہ کچھ افراد ویکسین کے شاٹ لگوانے کے بعد معمولی بیمار پڑ جاتے ہیں۔ اس لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنے ملازمین کو ویکسین کی دوسری خوراک کے بعد تنخواہ سمیت تین روز کی چھٹی دیں گے۔ چاہے ان کے ملازمین کو ویکسین سے ردعمل نہ بھی ہو۔

ایسے ہی دیگر کاروبار اپنے صارفین کو ویکسین لگوانے کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے اشیا مفت بانٹ رہے ہیں۔

اخبار وال سٹریٹ جنرل کے مطابق ان میں ای کامرس کی کمپنی ڈراپ نے صارفین سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی ویکسین کی سیلفی کے ساتھ اگر #DropCovid کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے انہیں @joindrop پر ٹیگ کریں گے تو ایسے صارفین کو پچاس ڈالر کے برابر پوائنٹس دئے جائیں گے۔

اخبار کے مطابق ایسے ہی امریکہ میں اوبر اور اس کی مسابقتی کمپنی لفٹ نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ ویکسینیشن سینٹرز تک جانے کے لیے مفت یا ڈسکاؤنٹ ریٹ پر ٹرانسپورٹ فراہم کریں گے۔

XS
SM
MD
LG