امریکہ کے بہت سے اتحادیوں اور مخالفین نے اسرائیل میں اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کے فیصلے پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگیوں اور تناؤ میں اضافہ ہو گا۔
برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کے ایک ترجمان نے کہاہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے کسی حتمی فیصلے تک پہنچنے سے پہلے ہم امریکہ کی جانب سے اپنا سفارت خانہ یروشلم منتقل کرنے اور یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہیں۔
فرانس کے صدر ایمانوئل مکرون نے غزہ میں پیر کے روز ہونے والے تشدد کی مذمت کی ہے جس میں اسرائیلی سپائیوں کی فائرنگ سے 52 فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے۔
صدر مکرون نے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے فیصلے کے نتائج کے متعلق کئی بار خبردار کر چکے ہیں۔
صدر مکرون کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر آنے والے دنوں میں علاقے کے تمام کرداروں سے بات کریں گے۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ماسکو کا اعتراض ایک بار پھر دوہراتے ہوئے کہا کہ ہمیں پختہ یقین ہے کہ اس طریقے سے یک طرفہ طور پر بین الاقوامی کمیونٹی کے فیصلے کو بدلنا غیر مناسب اقدام ہے۔
عرب دنیا کے بہت سے راہنماؤں نے بھی اس اقدام کی مذمت کی ہے۔ لبنان کے وزیر اعظم سعد حریری نے اسے جارحیت قرار دیا ہے اور ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے اسے ایک انتہائی شرمناک دن سے تعبیر کیا ہے۔
سعودی عرب نے غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ کی مذمت کی ہے جس میں درجنوں مظاہرین ہلاک اور بڑی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے لیے کویت کے سفیر منصور العتابی نے غزہ میں تشدد پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں جو کچھ ہوا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور اس پر ہم اپنا رد عمل دیں گے ا ور ہم دیکھیں گے کہ سلامتی کونسل اس سلسلے میں کیا کرتی ہے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے، جو لندن کے دورے پر ہیں، کہا ہے کہ سفارت خانے کی منتقلی ایک انتہائی بدقسمت واقعہ ہے اور اس اقدام سے امریکہ مشرق وسطی ٰ کے امن عمل میں ثالث کا کردار ادا کرنے کا اہل نہیں رہا۔