فلوریڈا سےتعلق رکھنے والی ایک لڑکی کو شارک نے کاٹ لیا تھا۔ لیکن اتنا ہی نہیں، یہ خطرناک مچھلی لڑکی کا ہاتھ چھوڑنے پر کسی طور آمادہ نہیں تھی۔
یہ واقعہ فلوریڈا کے شہر بوکاراٹون میں پیش آیا جہاں ایک 23 سالہ لڑکی کو سمندر میں تیراکی کرنے کے دوران ایک چھوٹی شارک نے کاٹ لیا اور لڑکی پانی میں سے شارک مچھلی کے ساتھ باہر آئی۔
بوکو راٹون آگ بجھانے کے عملے کے ترجمان نے پام بیچ پوسٹ کو بتایا کہ جب امدادی کارکن وہاں پہنچے تو دیکھا کہ مچھلی لڑکی کا ہاتھ چھوڑنے پر تیار نہیں تھی اور اس کا جبڑا بدستور مضبوطی کے ساتھ لڑکی کے بازو میں پیوست تھا۔
ریسیکیو ترجمان نے بتایا ہے کہ ان کے وہاں پہنچنے سے پہلے ایک تماشائی نے 2 فٹ لمبی شارک کو مار ڈالا تھا۔
لڑکی کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم، ترجمان کا کہنا ہے کہ لڑکی کو فوری طور پر اتوار کی سہ پہر بوکا راٹون کو ریجنل اسپتال لے جایا گیا، جبکہ خطرناک مچھلی بدستور اس کے بازو کے ساتھ لٹک رہی تھی حتیٰ کہ وہ مر چکی تھی۔
آگ بجھانے والے عملے کی طرف سے جاری کی گئی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شارک چونکہ چھوٹی تھی اس لیے متاثرہ لڑکی کا ہاتھ معمولی زخمی ہوا۔
اسپتال کے ترجمان نے خبر رساں ادارے، اے پی کو بتایا کہ لڑکی کے ہاتھ سے شارک کو علحیدہ کیا گیا ہے اور ضروری علاج کے بعد لڑکی کو اسی شام گھر بھیج دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ لڑکی اور اس کے ساتھی کو ایک زیر آب چٹان کے ڈھیر کے قریب دیکھا گیا تھا، جسے شارک کے مسکن کے طور پر جانا جاتا ہے۔
نیشنل پارک سروس کے مطابق شارک مچھلی کے دانتوں کی تعداد زیادہ ہے اور اس کا حملہ طاقتور ہوتا ہے، جبکہ اسے شارک کی دنیا کا کاوچ پٹیٹو یا سست مچھلی سمجھا جاتا ہے، جبکہ انسانوں پر اس کا حملہ شاذ و نادر ہی دیکھنے میں آتا ہے۔