رسائی کے لنکس

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے 20 لاکھ مریض، سوا لاکھ اموات


دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد لگ بھگ 20 لاکھ اور اموات کی تعداد سوا لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں چھ لاکھ مریضوں اور 26 ہزار ہلاکتوں کا تعلق امریکہ سے ہے۔

کینیڈا اور ترکی میں پہلی بار ایک دن میں سو سے زیادہ لوگ مرے ہیں، جبکہ ایران میں ایک مہینے کے بعد پہلی بار 24 گھنٹوں میں سو سے کم اموات ہوئی ہیں۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق، منگل کو عالمگیر وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار سے بڑھ گئی۔ ان میں 83 ہزار اموات یورپ میں ہوئی ہیں۔

24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں 778، فرانس میں 762، اٹلی میں 602، اسپین میں 499، جرمنی میں 301، بیلجیم میں 254، برازیل میں 204، نیدرلینڈز میں 122، کینیڈا میں 118، سویڈن میں 114 اور ترکی میں 107 افراد کا انتقال ہوا۔ ایران میں 98 اور انڈونیشیا میں 60 ہلاکتیں ہوئیں۔

امریکہ میں منگل کی شام تک 2348 اموات ہوچکی تھیں اور کل تعداد 26 ہزار تک پہنچ گئی تھیں۔ اٹلی میں کل تعداد 21067، اسپین میں 18255، فرانس میں 15729 اور برطانیہ میں 12107 ہے۔

ایران میں 4600، بیلجیم میں 4100، جرمنی میں 3500، چین میں 3300، نیدرلینڈز میں 2900، برازیل میں 1500، ترکی میں 1400، سوئزرلینڈ میں 1100 اور سویڈن میں ایک ہزار سے زیادہ افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔

امریکہ میں سب سے زیادہ متاثر ریاست نیویارک ہے جہاں 2 لاکھ کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور 10800 سے زیادہ شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ نیوجرسی میں 2800، مشی گن میں 1700 اور لوزیانا میں ایک ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

امریکہ کے بعد سب سے زیادہ کیسز پانچ یورپی ملکوں میں ہیں۔ اسپین میں ایک لاکھ 74 ہزار، اٹلی میں ایک لاکھ 62 ہزار، فرانس میں ایک لاکھ 43 ہزار، جرمنی میں ایک لاکھ 32 ہزار اور برطانیہ میں 93 ہزار کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ چین میں یہ تعداد 82 ہزار، ایران میں 74 ہزار اور ترکی میں 65 ہزار ہے۔

امریکہ میں کرونا وائرس کے 30 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔ روس میں 14 لاکھ، جرمنی میں 13 لاکھ اور اٹلی میں 10 لاکھ ٹیسٹ کرلیے گئے ہیں۔ فرانس کے اعداد و شمار اگر درست ہیں تو حیران کن ہیں جہاں 3 لاکھ 33 ہزار میں سے ایک لاکھ 43 ہزار مثبت آئے ہیں۔ روس کے 14 لاکھ میں سے صرف 21 ہزار ٹیسٹ پازیٹو ہیں۔

اب تک مختلف ملکوں کے 4 لاکھ 65 ہزار افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ان میں چین کے 77 ہزار، جرمنی کے 68 ہزار اور اسپین کے 67 ہزار شہری شامل ہیں۔ ایران کے 48 ہزار، امریکہ کے 38 ہزار، اٹلی کے 37 ہزار اور فرانس کے 28 ہزار مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG