رسائی کے لنکس

گولڈن گلوب 2023: 'دی فیبل مینز' بہترین فلم؛ 'ہاؤس آف دی ڈریگن' بہترین ٹیلی ویژن سیریز قرار


ریڈ کارپٹ ایونٹ اور ستاروں کی جھرمٹ میں ہالی وڈ کے دوسرے سب سے بڑے سمجھے جانے والے ایوارڈز 'گولڈن گلوب' 2023 کے فاتحین کا اعلان کردیا گیا ہے۔

منگل کی رات کیلی فورنیا کے بیورلی ہلٹن ہوٹل میں 80ویں گولڈن گلوبز کے رنگا رنگ ریڈ کارپٹ ایونٹ کا انعقاد ہوا جہاں معروف ہدایت کار، پروڈیوسرز اور اسٹارز نے محفل کی رونقیں بڑھائی۔ جس کے بعد گولڈن گلوب کے فاتحین کا اعلان کیا گیا۔

تقریب کو امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک 'این بی سی' اور پی کاک چینل نے براہِ راست نشر کیا۔

گولڈن گلوب 2023 میں بہترین فلم (ڈرامہ) 'دی فیبل مینز' قرار پائی۔اس ٹاپ ایوارڈ کے لیے 'دی فیبل مینز' کا مقابلہ 'ایواٹار: دی وے آف واٹر'، ایلوس، ٹار اور 'ٹاپ گن: میورک' سے تھا۔

بہترین فلم (ڈرامہ)

بہترین فلم (ڈرامہ) کا گولڈن گلوب ایوارڈ جیتنے والی فلم 'دی فیبل مینز' کے ہدایت کار اسٹیون اسپیل برگ ہیں اور فلم کی کہانی بھی ان کی اپنی سوانح عمری پر مشتمل ہے۔

فلم میں اسپیل برگ کی جوانی اور فلم ساز بننے کے سفر کو بیان کیا گیا ہے۔

بہترین فلم (میوزیکل /کامیڈی)

بہترین میوزیکل/ کامیڈی فلم کا ایوارڈ 'دی بینشیز آف انیشیرن' کے نام رہا۔

اس کیٹیگری کے لیے بےبیلون، ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس، 'گلاس انین: آ نائیوز آؤٹ مسٹری' اور ٹرائی اینگل آف سیڈنس نامزد تھے۔

بہترین غیر انگریزی فلم

گولڈن گلوب 2023 میں 'ارجنٹائن، 1985' بہترین غیر انگریزی فلم قرار پائی۔

اس کیٹیگری میں آل کوائٹ آن دی ویسرن فرنٹ، کلوز، ڈیسیژن ٹو لیو اور بالی وڈ فلم آر آر آر نامزد تھی۔

بہترین ٹیلی ویژن سیریز (ڈرامہ)

'ہاؤس آف دی ڈریگن' بہترین ڈرامہ ٹیلی ویژن سیریز قرار پائی۔

بہترین ڈرامہ ٹیلی ویژن سیریز کے لیے بیٹر کال سال، دی کراؤن، اوزارک اور سیورنس نامزد تھیں۔

بہترین اداکار ٹیلی ویژن سیریز (ڈرامہ)

ٹیلی ویژن سیریز کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ 'ییلو اسٹون' کے لیے کیون کاسٹنر کے نام رہا۔

اس کیٹیگری میں ان کا مقابلہ جیف برجز، ڈیئگو لونا، بوب اوڈنکرک اور ایڈم اسکاٹ کے ساتھ تھا۔

بہترین اداکارہ ٹیلی ویژن سیریز (ڈرامہ)

بہترین ٹیلی ویژن سیریز ڈرامہ کی کیٹیگری کے لیے 'یوفوریا' میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی زینڈیا فاتح قرار پائیں۔

ان کے مدِ مقابل ایما ڈار سی، لورا لینی، امیلڈا اسٹانٹن اور ہیلری سوینک تھیں۔

بہترین اداکارہ (موشن پکچر ڈرامہ)

بہترین اداکارہ (موشن پکچر) کی کیٹیگری میں 'ٹار' کے لیے اداکارہ کیٹ بلینچٹ فاتح قرار پائیں۔

ان کا مقابلہ اولیویا کولمن، وائیولا ڈیوس،آنا دے آرمس اور میشل ولیمز کے ساتھ تھا۔

بہترین اداکار (موشن پکچر ڈرامہ)

'ایلوس' میں اداکاری کرنے والے آسٹن بٹلر کو بہترین اداکار (موشن پکچر ڈرامہ) کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس ایوارڈ کے لیے ان کے ساتھ برینڈن فریزر، ہیو جیک مین، بل نائے اور جرمی پوپ نامزد تھے۔

بہترین معاون اداکارہ (موشن پکچر)

بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ 'بلیک پینتھر: وکانڈا فورایور' کے لیے اینجیلا بیسیٹ کے نام رہا۔

اس ایوارڈ کے لیے ان کی مدِ مقابل کیری کونڈن، جیمی لی کرٹس، ڈولی ڈی لیون اور کیری مولیگن تھیں۔

بہترین معاون اداکار (موشن پکچر)

اداکار کے ہوئی کوان کو ' ایوری تھنگ ایوری ویئر آل ایٹ ونس' کے لیے بہترین معاون اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس کیٹیگری میں ان کے ساتھ برینڈن گلیزن، بیری کوگن، بریڈ پٹ اور ایڈی ریڈ مین تھے۔

بہترین اوریجنل سونگ

گولڈن گلوب 2023 میں بھارتی فلم 'آر آر آر' کے گانے 'ناچو ناچو' کو بہترین اوریجنل سونگ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

فلم 'آر آر آر' کو بہترین غیر انگریزی فلم کی کیٹیگری میں بھی نامزد کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG