امریکہ کے تعاون سے پاکستان کے شمال مغرب میں کروڑوں ڈالر مالیت کے آبپاشی کے ایک منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ گیا ہے جس سے خیبر پختونخواہ میں ایک لاکھ 91 ہزار ایکڑ اراضی کو پورے سال تک پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
امریکی سفارتخانے سے جاری ایک بیان کے مطابق 22 مارچ کو عالمی یوم آب کے تناظر میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) تعاون سے گومل زام آبپاشی منصوبے کی تکمیل کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس منصوبے پر سات کروڑ بیس لاکھ ڈالر لاگت آئی ہے اور اس میں 265 کلومیٹر طویل نہروں کو ایک نیٹ ورک بھی شامل ہے۔
بیان کے مطابق اس منصوبے سے کاروبار، تجارت اور 30 ہزار گھرانوں کے لیے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔
یوایس ایڈ مقامی کاشتکاروں کو منڈی کے حوالے سے تیار اور زیادہ قیمتی فصلیں پیدا کرنے میں مدد دینے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کے محکمہ زراعت کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔
اس منصوبے کے تحت پانی استعمال کرنے والے لوگوں کی 400 ایسوسی ایشنز اور خواتین کی فلاح کے لیے کام کرنے والے گروپوں کی تشکیل میں بھی تعاون کیا گیا، جس سے مقامی آبادی کو آبپاشی کے نظام کو جاری رکھنے کا انتظام کرنے میں مدد ملی۔
یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جان گرورک نے کہا کہ گومل زام کے آبپاشی کے منصوبے سے خیبر پختونخواہ کے مکینوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔
بیان میں گومل زام کمانڈ ایریا کے ایک کاشتکار میراج دین کے حوالے سے کہا گیا کہ انھوں نے اس منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بہتے پانی کو دیکھ کر "ہمیں اپنی زندگیوں میں بہتری رونما ہوتی نظر آتی ہے۔"