رسائی کے لنکس

اشاروں سے چلنے والا اسمارٹ فون 24 اکتوبر سے دستیاب ہوگا


امریکی ٹیکنالوجی فرم گوگل نے رواں ماہ اشاروں سے چلنے والا اسمارٹ فون متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ پکسل فور اسمارٹ فون 24 اکتوبر کو امریکہ میں متعارف کیا جارہا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کا کہنا ہے کہ اس پکسل فور اسمارٹ فون میں جدید کیمرے اور ریڈار سینسر لگے ہیں جن کی مدد سے محض ہاتھ کے اشاروں سے آپ یہ فون استعمال کرسکتے ہیں۔

اشاروں سے چلنے والے اس فون کے ہارڈ ویئر کو گوگل نے چارسال پہلے بنانا شروع کیا تھا اوراب 2019 میں یہ فعال حالت میں موجود ہے۔

فون کی سب سے بڑی خصوصیت ریڈار ٹیکنالوجی ہی ہے جس کی مدد سے فون اشاروں سے بھی آپریٹ کیا جاسکتا ہے مثلاً اگر آپ کو کوئی میوزک سننا ہو تو صرف اشارہ کیجیے اور فون پر میوزک بج اٹھے گا۔

اس ٹیکنالوجی سے اور بھی بہت سے کام فون کو ہاتھ لگائے بغیر انجام دیے جاسکتے ہیں۔

یہ فورتھ جنریشن پکسل فون دو سائزوں میں دستیاب ہے۔ پانچ اعشاریہ سات انچ ڈسپلے والا موبائل 799 ڈالر میں اور 6 اعشاریہ تین انچ ڈسپلے والا موبائل سیٹ 899 ڈالر میں 24 اکتوبر سے امریکہ بھر میں دستیاب ہوگا۔

ان دونوں سیٹس میں ٹیلی فوٹو لینسز نصب ہیں۔ ان کا سافٹ ویئر بھی آپ کو پہلے کے مقابلے میں بہتر انداز میں کام کرتا محسوس ہوگا۔

فون میں حسب معمول گوگل اسسٹنٹ بھی موجود ہے لیکن یہ دوسرے دیگر موبائل فونوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے رسپانس کرتا ہے۔ گویا ادھر آپ کچھ کہیے اور ادھر پائیےـ

فون کو فائیو جی ٹیکنالوجی کے ساتھ منسلک کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے تجربہ ہو چکا ہے اور اسے مزید بہتر بنایا جارہا ہے۔

یہ اسکرولنگ کے حوالے سے لاجواب ہے جب کہ او ایل ای ڈی کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے جس کی وجہ سے ویڈیو گیمز کھیلنے کا مزہ بھی دوبالا ہو جاتا ہے۔

دونوں اسمارٹ فونز اینڈرائد 10 ورژن پر ہوں گے۔ اس کے کیمرے 16 میگا پکسل اور 12 اعشاریہ دو میگا پکسل کے ہوں گے جب کہ ’نائٹ موڈ‘ سے صارفین رات میں آسمان پر جگمگاتے ستاروں کو بھی کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر سکیں گے۔ اس سے قبل دیگر موبائل فون کے نائٹ موڈ فیچر سے یہ ممکن نہیں تھا۔

فون کو ان لاک کرنے کے لیے ’فیس آئی ڈی‘ کا فیچر بھی اس میں شامل ہے۔ فون میں 6 جی بی ریم اور اسنیپ ڈریگن 855 پروسیسر نصب ہے جب کہ دونوں فون 64 جی بی اور 128 جی بی اسٹوریج کے ساتھ دستیاب ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG