رسائی کے لنکس

بغداد میں شراب کی دکانوں پر حملے، 12 افراد ہلاک


سائیلنسر والے ہتھیاروں سے مسلح حملہ آوروں نے منگل کو بغداد کے شیعہ اکثریتی ضلع زایونہ میں قائم نو شراب خانوں کو نشانہ بنایا۔

عراق کے دارالحکومت بغداد میں شراب کی دکانوں پر مسلح افراد کے حملوں میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام کےمطابق سائیلنسر والے ہتھیاروں سے مسلح حملہ آوروں نے منگل کو بغداد کے شیعہ اکثریتی ضلع زایونہ میں موجود شراب کی نو دکانوں کو نشانہ بنایا۔

واقعے پر موجود ایک پولیس اہلکار نے برطانوی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کو بتایا کہ حملہ آور چار گاڑیوں میں سوار تھے جنہوں نے شراب خانوں کے نزدیک پہنچنے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کی۔

طبی عملے کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں میں نو گاہک اور شراب کی دکانوں کے تین مالک شامل ہیں جب کہ تین دکانوں کے مالک شدید زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ مسلمان ملک ہونے کے باوجود عراق کے سابق حکمران صدام حسین نے دکانوں پر شراب کی فروخت کو قانوناً جائز قرار دے رکھا ہے تاہم ریستورانوں اور بارز میں اس کی فروخت پر پابندی تھی جسے صدام کے بعد آنے والی حکومت نے اٹھا لیا تھا۔

عراق میں حالیہ مہینوں میں پرتشدد واقعات میں اچانک اضافہ ہوا ہے جن کا الزام عراقی حکام مسلمان شدت پسندوں پر عائد کرتے ہیں۔

رواں برس کے ابتدائی ساڑھے چار ماہ میں عراق میں ہونے والے پرتشدد واقعات میں 1500 افراد مارے جاچکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG