رسائی کے لنکس

برطانیہ: سپر مارکیٹ چین میں حلال سوئیٹس دستیاب


کمپنی کا کہنا ہے کہ تمام حلال سوئیٹس جانوروں اور الکحل سے حاصل رنگ- اور ذائقہ- فری ضمانت کےساتھ اسٹوروں پر فروخت کی جارہی ہیں۔

برطانیہ کی ایک بڑی سپر مارکیٹ 'موریسن' کی طرف سے پہلی بار مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے گاہکوں کے لیےحلال سوئیٹس کا ایک بڑا انتخاب فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

برطانیہ میں اجناس کی چوتھی بڑی مارکیٹ 'ولیم موریسن' نے 'پک این میکس' کے انتخاب پر مشتمل 36 سے زائد حلال میٹھی گولیاں اور شوگر ٹافیاں متعارف کرائی ہیں، جن میں بچوں اور بڑوں کی پسندیدہ ذائقوں والی جیلی بین،کولا بوتل، پھلیاں، گمی بیئر، شوگر لپ اور مختلف اقسام کی سوئیٹس شامل ہیں۔

سو گرام حلال سوئٹس کی قیمت گاہکوں کے لیے 2 پاونڈ اور 49 پینس مقرر کی گئی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ تمام حلال سوئیٹس جانوروں اور الکحل سے حاصل رنگ- اور ذائقہ- فری ضمانت کےساتھ اسٹوروں پر فروخت کی جارہی ہیں۔

تجرباتی اسکیم کو ملک بھر کے 10 موریسن سپر مارکیٹوں میں پیش کیا گیا ہے۔ جن میں بریڈ فورڈ، بلیک برن، بولٹن، برمنگھم، لیمنگٹن سپا، ویسٹ بروم وچ اور لندن میں اسٹریٹ فورڈ، وڈ گرین اور تھیمز میڈ کے تین بڑے سپر اسٹور شامل ہیں جہاں حلال سوئٹس کا کاونٹر مخصوص کیا گیا ہے۔

موریسن مارکیٹ میں 'یم ایز' کےنام سے دستیاب برانڈ 'حلال کنفیکشنری برانڈ' ہے۔

برطانیہ بھر میں 'ولیم موریسن' کے چین اسٹوروں کی تعداد لگ بھگ 500 ہے۔ لیکن مخصوص اسٹوروں کا انتخاب مسلمانوں کی آبادی والے علاقوں میں کیا گیا ہے۔

بلیک برن سپر اسٹور کے جنرل مینجر بروکس بنک نے کہا کہ لوگ ہم سے حلال سویٹ کے بارے میں سوال کرتے تھے لہذا ہم نےحلال سوئٹس کی ڈیمانڈ پر ایک بڑا انتخاب تیار کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ موریسن برطانیہ کی پہلی سپر مارکیٹ ہے جس نے حلال سویٹ کی فروخت شروع کی ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ میٹھا انتخاب ہر طرح کا ذائقہ رکھنے والوں کو ٹریٹ فراہم کرے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم دوسرے اسٹوروں پر بھی وہاں کی مقامی طلب کو دیکھتے ہوئے حلال سوئٹس کی فروخت کا ارادہ رکھتے ہیں۔

سپر مارکیٹ کی اس پیشکش پر مسلمان کمیونٹی کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔

لندن میں وڈ گرین کی رہائشی رفعت نے کہا کہ سپر مارکیٹ سےخریداری کرتے ہوئے ہمیں اکثر اپنے بچوں کو سویٹس کاونٹر پر رکھی رنگ برنگی مارش میلو مٹھائیاں اور جیلی بین سوئٹس کی خریداری سے روکنا پڑتا ہے، خاص طور پر سوئیٹس اور ٹافیوں کی خریداری سے پہلے بہت زیادہ چھان بین کرنی پڑتی ہے کہ آیا اس میں جیلاٹن شامل تو نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ موریسن کی طرف سے تیار کردہ حلال سوئیٹس ایک خوش آئند بات ہے اور امید ہے کہ کمیونٹی کی طرف سے اس کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ برطانیہ کی بڑی سپر مارکیٹیں 'ازدا' اور 'ٹیسکو' پہلے سے حلال گوشت اور بڑے پیمانے پر حلال خور و نوش کی اشیا فروخت کر رہی ہیں۔

فاسٹ فوڈ کی مشہور فرنچائز 'سب وے' نے گزشتہ برس سے برطانیہ اور آئر لینڈ کے تمام اسٹوروں پر حلال گوشت سے تیار کردہ برگر کی فروخت شروع کی ہے اور خنزیر سے تیار ہونے والے سینڈوچز کو مینیو سے خارج کر دیا ہے۔

اسی طرح فاسٹ فوڈ چین 'کے ایف سی' کے متعدد اسٹوروں پر مقامی آبادی کی ضرورتوں کا خیال رکھتے ہوئے حلال چکن اور حلال برگر کی پیشکش موجود ہے۔

XS
SM
MD
LG