ہنگو میں ڈی پی او آفس اور ڈسٹرکٹ کورٹ کے قریب خود کش کار حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد32ہوگئی ہے جبکہ52 افراد زخمی ہیں۔ دھماکا مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے کے آس پاس ہوا جب بارود سے بھری ایک گاڑی ڈی پی او آفس کے قریب کمیونیکیشن اینڈ ورکس آفس کی بیرونی دیوارسے ٹکرائی ۔ گاڑی میں خود کش حملہ آور موجود تھا جس کے دھماکے سے پرخچے اڑ گئے۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ سی اینڈ ڈبلیوآفس سمیت ڈی پی او اور ڈی سی او آفس کے علاوہ قریبی واقع ضلعی عدالت کی عمارت کے احاطے میں موجود چھ دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا اور کئی افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے ۔ دھماکے سے کچھ اورعمارتیں منہدم بھی ہوگئیں ۔ ان عمارتوں میں دب کر مرجانے والے افراد کی درست تعداد فوری طورپر معلوم نہیں ہوسکی ۔ زخمیوں میں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ڈی آئی جی کوہاٹ مسعود آفریدی نے مقامی میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ حملے کے لئے استعمال ہونے والی گاڑی میں بہت بڑی مقدار میں بارودی مواد موجودتھا۔دھماکے سے جائے وقوع پر8فٹ گہرا گڑھا بن گیا ہے ۔
زخمیوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیااور ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔
تحریک طالبان پاکستان نے ہنگو خودکش دھماکے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔
مقبول ترین
1