رسائی کے لنکس

ہیپی میرج کے لیے بیوی کی خوشی زیادہ ضروری ہے: تحقیق


سائنسی بنیادوں پر تجزیہ کرنے کے بعد یہ ثبوت فراہم کیا ہے کہ شادی شدہ زندگی کی گاڑی کو ٹریک پر رکھنے کے لیے شوہر سے زیادہ بیوی کا خوش ہونا ضروری ہے

ازدواجی زندگی میں خوشحالی کے لیے سائنسی ماہرین نے ایک آسان حل تلاش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ' ہیپی وائف سے ہیپی لائف' کا گہرا تعلق ہے کیونکہ بیوی کی خوشی میں ہی شوہر کی زندگی کا سکھ چھپا ہے۔

سماجی تعلقات پر مبنی رسالے 'جرنل آف میرج اینڈ فیملی' کے اکتوبر کے شمارے میں شائع ہونے والے مطالعے میں ماہرین نے بیوی اور شوہر کی ازدواجی زندگی کی خوشیوں کے معیار کو سائنسی بنیادوں پر تجزیہ کرنے کے بعد یہ ثبوت فراہم کیا ہے کہ شادی شدہ زندگی کی گاڑی کو ٹریک پر رکھنے کے لیے شوہر سے زیادہ بیوی کا خوش ہونا ضروری ہے۔

'روٹگرز یونیورسٹی' اور 'یونیورسٹی آف مشی گن' کے شعبہ سوشیالوجی کے پروفیسردبورا کار کا کہنا ہے کہ خوشحال ازدواجی زندگی کے ساتھ لمبا سفر طے کرنے والے جوڑوں میں انفرادی طور پر بیوی کی خوشیوں کا پلڑا بھاری تھا یعنی ہیپی میرج کے لیے بیوی کی خوشیاں زیادہ اہم تھیں۔

محققین نے اپنے تجزیے میں کہا کہ مطالعہ سے اس بات کی وضاحت ہوتی ہے کہ ازدواجی زندگی سے اگر بیوی خوش تھی تو اس کا اثر شوہر پر بھی تھا یعنی وہ بھی خوش تھا۔ لیکن حیرانی کی بات یہ تھی کہ یہاں شوہر کی انفرادی خوشی کوئی معنی نہیں رکھتی تھی کہ وہ اس شادی کے بندھن سے کتنا خوش ہے یا پھر وہ اپنی زندگی سے کتنا مطمئین ہے۔

محقق دبورا کار نے کہا کہ "میری نظر میں اس سچائی کی ایک وجہ یہ ہے کہ جب بیوی اپنی شادی سے مطمئین ہوتی ہے تو وہ اپنے شوہر کی خاطر کچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہوتی ہے جس کا اس کی زندگی پر مثبت اثر پڑتا ہے۔"

اسکول آف آرٹ اینڈ سائنس سے وابستہ محقق دبورا کار نے کہا کہ مرد عام طور اپنے ازدواجی دکھ اورتعلقات کے حوالے سے کم ہی گفتگو کرتا ہے شاید یہی وجہ ہوتی ہے کہ بیوی تک اس کے دکھ کی تشہیر نہیں ہوتی ہے۔

تحقیق کے معاون مصنفین وکی فریڈ مین اور دبورا کار نے کہا کہ ہماری تحقیق کا نتیجہ پچھلے مطالعے سے مختلف ہےکیونکہ اس تحقیق میں میاں بیوی کے ذاتی جذبات کا معائنہ کیا گیا ہے تاکہ اس بات کا تعین کیا جائے کہ کس طرح ازدواجی زندگی کا معیار بڑی عمر کے شادی شدہ جوڑوں کی نفسیاتی بہبود پر اثر انداز ہوتا ہے۔

تحقیق دانوں نے 394 ایسے جوڑوں کی معلومات کا معائنہ کیا جو صحت، آمدنی اور معذوری سے متعلق 2009 کے ایک مطالعے کا حصہ تھے ایسے جوڑے شادی شدہ زندگی کے 39 برس مکمل کر چکے تھے جبکہ ان جوڑوں کی اوسطاً عمر 60 برس یا اس سے زائد تھی۔

ازدواجی زندگی کے معیار کی جانچ کرنے کے لیے محققین نے شرکاء سے کئی طرح کے سوالات پوچھے مثلا کیا ان کا شریک حیات انھیں سراہتا ہے یا تکرار کرتا ہے ، کیا وہ ان کے جذبات کو سمجھتا ہے یا یہ کہ وہ ان کے اعصاب پر سوار ہے۔ اس کے علاوہ شرکاء سے تفصیلی ڈائری لکھنے کے لیے کہا گیا جس میں انھیں یہ بتانا تھا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے میں منتخب سرگرمیوں مثلا گھریلو کام کاج ، خریداری اور ٹی وی دیکھنے کے دوران وہ کتنا خوش رہے۔

مطالعے سے منسلک افراد نے اپنی زندگی میں اطمینان کی درجہ بندی کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ 6 میں سے 5 نمبر پر دائرہ لگایا یہاں یہ بات نمایاں تھی کہ شوہروں نے بیویوں کے مقابلے میں قدرے مثبت ریٹنگ پر نشان لگایا تھا۔

پروفیسردبورا کار نے بتایا کہ نتائج سے یہ واضح ہو گیا کہ ایسے میاں بیوی جنھوں نے انفرادی طور پر اپنی شادی کے معیارکو بہتر درجے کا قرار دیا تھا ان کی زندگی خوشی اور اطمینان کے ساتھ منسلک تھی۔

پروفیسر دبورا کے مطابق، مطالعہ سے یہ بھی معلوم ہوا کہ بیوی کی خوشیاں اس وقت کم ہو جاتی ہیں اگر اس کا شوہر بیمار پڑ جائے لیکن شوہر کی خوشی کی سطح میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی اسی طرح یہی نتیجہ اس وقت بھی نظر آتا ہے جب بیوی بیمار پڑتی ہے ۔

بقول پروفیسر دبورا کار یہ نتیجہ اس بنیادی صنفی فرق کا اشارہ ہے کہ کس طرح مرد اور عورت ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردانہ رابطہ محسوس کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ شوہر بیمار ہو تو بیوی تیمار داری کرتی ہے اور یہ ایک دباؤ کا تجربہ بھی ہو سکتا ہے لیکن جب ایک عورت بیمار ہوتی ہے تو صرف شوہر پر انحصار نہیں کرتی ہے بلکہ اس کی دیکھ بھال اس کی بیٹی بھی کر سکتی ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ تحقیق کا نتیجہ اس لحاظ سے اہم ہے کیونکہ ازدواجی زندگی کا معیا ر بڑی عمر کے شادی شدہ جوڑوں کی صحت اور فلاح وبہبود پر اثر انداز ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG