رسائی کے لنکس

چین میں اہم علاقائی ’ہارٹ آف ایشیا‘ کانفرنس


سرتاج عزیز
سرتاج عزیز

بیان کے مطابق وزیراعظم کے مشیر خارجہ کی وزارتی کانفرنس میں شرکت ہارٹ آف ایشیا-استنبول پراسس کے لیے پاکستان کی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے

ہارٹ آف ایشیا۔استنبول پراسس کی چوتھی وزارتی کانفرنس جمعہ کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہو رہی ہے جس کا موضوع ہے "ایشیا کے قلب، خطے میں پائیدار سلامتی و خوشحالی کے لیے گہرا تعاون۔"

کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز کر رہے ہیں جب کہ اس کی صدارت چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ مشترکہ طور پر کریں گے۔

امریکہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی اس کانفرنس میں شرکت کر رہا ہے جس میں پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کہ نمائندہ خصوصی ڈینئیل فیلڈمین بھی شامل ہیں۔

ڈینئیل فیلڈمین کانفرنس میں شرکت سے قبل پاکستان کا دورہ کر کے چین پہنچے۔

ہارٹ آف ایشیا۔استنبول پراسس کے رکن ممالک کی تعداد 14 ہے اور اسے 16 ملکوں اور 12 علاقائی و بین الاقوامی تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔ یہ علاقائی تعاون کے ذریعے افغانستان میں استحکام کی بین الاقوامی کا شووں کا حصہ ہے۔

اس عمل کا محور چھ شعبوں میں سیاسی مشاورت اور اعتماد سازی ہے۔

پاکستان اس میں قازقستان کے ساتھ مشترکہ طور پر آفات سے نمٹنے کے لیے اعتماد سازی کے شعبے کا سربراہی کر رہا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعظم کے مشیر خارجہ کی وزارتی کانفرنس میں شرکت ہارٹ آف ایشیا-استنبول پراسس کے لیے پاکستان کی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے۔

2011ء میں اس پراسس کے قیام کے بعد سے پاکستان، افغانستان اور خطے میں امن و استحکام کی کوششوں میں تعمیری انداز میں شریک رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG