رسائی کے لنکس

ویسٹ انڈیز ورلڈکپ کی دوڑ سے باہر


اسکاٹ لینڈ نے ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈکپ کے سپر سکس کوالیفائنگ میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر کر دیا ہے۔

زمبابوے میں چھ ٹیموں کے درمیان ورلڈکپ کوالیفائنگ میچز کھیلے جا رہے ہیں جن میں سے دو ٹیمیں ہی رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈکپ ایونٹ میں جگہ بنا پائیں گی۔

سپر سکس کوالیفائنگ مرحلے میں اسکاٹ لینڈ نے ہفتے کو ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دی۔ سپر سکس مرحلے میں ویسٹ انڈیز کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے۔

دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے لیے یہ تاریخی شکست اس اعتبار سے بھی ہے کہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ ویسٹ انڈیز کے بغیر کھیلا جائے گا۔

زمبابوے کے شہر ہرارے میں ہفتے کو کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم اسکاٹ لینڈ کے خلاف 43 اعشاریہ پانچ اوور میں 181 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر 45 اور روماریو شیفرڈ 36 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ کپتان شائے ہوپ 13، برینڈن کنگ 22، نکولس پورن 21 اور کیون سنکلیئر 10 رنز بنا سکے جب کہ چار بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہو سکے۔

ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کے اوپنرکرسٹوفر میک برائڈ بغیرکوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جس کے بعد دوسری وکٹ پر میتھیو کراس اور برینڈن میکملن نے 125 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو جیت کی راہ پر ڈال دیا۔

میکملن 69 اور جارج منسی 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ وکٹ کیپر بلے باز میتھیو کراس نے 74 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

اسکاٹ لینڈ کی جیت کے بعد ورلڈکپ کوالیفائنگ مرحلے میں دلچسپ صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔

سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں چھ چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں اور دونوں ہی ٹیموں کے مزید دو میچز باقی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر چار پوائںٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر قبضہ کر لیا ہے اور اس کے بھی مزید دو میچز باقی ہیں۔

دوسری جانب عمان اور ویسٹ انڈیز کا ورلڈکپ کھیلنے کی دوڑ کر سفر ختم ہو چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG