رسائی کے لنکس

'برین روٹ' اوکسفرڈ کا 'ورڈ آف ایئر' قرار


فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

  • ہرسال اوکسفرڈ سمیت دنیا میں کئی لغات مرتب کرنے والے ادارے سال کے لفظ کا اعلان کرتے ہیں۔
  • اس سال اوکسفرڈ نے 2024 کے لیے ’برین روٹ‘ کا لفظ تجویز کیا ہے۔
  • ورڈ آف دی ایئر کا فیصلہ لغت نویس اور عام راہنددگان دونوں کرتے ہیں۔

ویب ڈیسک__ہم میں سے کئی اس کیفیت سے گزرے ہوں گے لیکن اس کے لیے استعمال ہونے والے لفظ سے کم ہی واقف ہوں گے۔ یہ کیفیت آن لائن سرگرمیوں میں بہت زیادہ وقت گزارنے کے باعث ذہن پر پڑنے والے اثرات کے لیے استعمال ہونے والا لفظ ’برین روٹ‘ (Brain rot) ہے۔

اسی لفظ کو دنیا کی مقبول ترین انگریزی لغات میں سے ایک شائع کرنے والی اوکسفرڈ یونیورسٹی پریس نے سال 2024 کے لیے ورڈ آف دی ایئر کے طور پر منتخب کیا ہے۔

پیر کو اپنے اعلان میں اوکسفرڈ یونیورسٹی پریس نے کہا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں برین روٹ کا لفظ 230 فی صد زائد بار استعمال ہوا ہے۔

اوکسفرڈ کے مطابق برین روٹ کا مفہوم کچھ یوں ہے: ’’کسی بھی شخص کی دماغی اور فکری حالت میں آنے والی ابتری، جسے خاص طور پر بہت زیادہ مٹیریل (اب بالخصوص آن لائن مواد) کا نتیجہ سمجھا جا سکے لیکن جو بہت معمولی ہو یا شدید پریشانی کا باعث نہ ہو۔‘‘

ورڈ آف دی ایئر کے لیے ایسے لفظ یا ترکیب کا استعمال کیا جاتا ہے جو گزرے 12 ماہ کا واضح تھیم قرار دیا جا سکتا ہو۔

لفظ کے انتخاب کے لیے عوامی ووٹ اور اوکسفرڈ کے لغت نویسوں کی ملی جلی رائے کی بنیاد پر فیصلہ کیا جاتا ہے۔

اگرچہ ہر وقت موبائل کی اسکرین پر جھکے رہنے کی وجہ سے بہت زیادہ توجہ کسی شے میں کھپانے کے اثرات سے متعلق یہ کیفیت نئی معلوم ہوتی ہے لیکن انگریزی زبان میں یہ لفظ پہلے بھی موجود تھا اور اسے امریکی فلسفی اور ادیب ہینری ڈیوڈ تھرو نے 1854 میں استعمال کیا تھا۔

اوکسفرڈ لینگوئجز کے سربراہ کیسپر گریتھول کا کہنا ہے کہ آج کے تناظر میں برین روٹ ہماری ورچوئل لائف سے متعلقہ خطرات کے بارے میں بتاتا ہے اور یہ بھی کہ ہم اپنے فارغ اوقات کس طرح گزارتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت اور ٹیکنالوجی کے بارے میں ثقافتی مکالمے کے لیے یہ ایک نیا باب ہے۔ یہ حیرت انگیز نہیں تھا کہ بڑی تعداد میں رائے دہندگان نے اس لفظ کا انتخاب کیا۔

اس خبر کا مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG