رسائی کے لنکس

لندن:پولیس افسروں کا ساتھی پر قتل کا الزام عائد ہونےکے بعد آتشیں اسلحہ رکھنے سے انکار    


 لندن میں سیاہ فام نوجوان کرس کابا کی ہلاکت پر احتجاج کا منظر ، 10ستمبر 2023، فوٹو رائٹرز
لندن میں سیاہ فام نوجوان کرس کابا کی ہلاکت پر احتجاج کا منظر ، 10ستمبر 2023، فوٹو رائٹرز

لندن پولیس کے سینکڑوں افسروں نے اپنے ایک ساتھی پر قتل کا الزام عائد ہونے کے بعد اتوار کے روز آتشیں اسلحے کے ساتھ گشت سے انکار کرنا شروع کر دیا ہے ۔پولیس آفیسر پر قتل کا الزام ایک 24 سالہ سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد عائد کیا گیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق، یہ غیر معمولی شوٹنگ اور اس کے بعد پولیس آفیسر پر لگنے والا الزام لندن پولیس فورس یا MET کے بارے میں عوامی اعتماد کے بحران میں اضافے کا سبب بنا ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اختتام ہفتہ آتشیں اسلحے کے استعمال کے 300 ماہر افسروں نے ڈیوٹی کے دوران گن رکھنے کے اپنے پرمٹ واپس کر دیے ۔ یہ احتجاج ایسے میں سامنے آیا ہے جب این ایکس 121 نامی ایک افسر پر ستمبر 2022 میں 24 سالہ کرس کابا کی ہلاکت پر گزشتہ ہفتے قتل کا الزام عائد کیا گیا ۔

کابا کو جنوبی لندن کے علاقے اسٹریتھم کی ایک رہائشی سڑک پر اس وقت سر پر گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا جب وہ گاڑی چلا رہے تھے ۔

انڈیپنڈیٹ آفس فا ر پولیس کنڈکٹ کی تفتیشی ٹیم کے سر براہ ، ڈین براؤن نے اکتوبر 2022 میں کابا کی موت سے متعلق ایک تفتیشی کارروائی کے دورا ن بتایا تھا کہ پولیس کی تفتیش میں کابا پر جو باپ بننے والاتھا، شبہ نہیں کیا گیا تھا.

کاباغیر مسلح تھےلیکن جس کار کو وہ چلا رہےتھے وہ ایک روز قبل آتشیں اسلحے سےمتعلق ایک واقعے سے منسلک تھی ۔

افسر این ایکس 121 کو واقعے کے بعد ملازمت سے معطل کر دیاگیا تھا۔ لیکن گزشتہ ہفتے پولیس افسر پر قتل کے الزام نے دوسرے پولیس افسروں کو برہم کر دیا ہے ۔

لندن میٹروپولیٹن پولیس ( میٹ) کے ایک ترجمان نے کہا کہ بہت سے آفیسر اس بارے میں پریشان ہیں کہ یہ فیصلہ کس طرح ان پر ، ان کے رفقائے کاروں اور ان کے خاندانوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے ۔

کرس کابا
کرس کابا

ترجمان نے مزید کہا کہ انہیں تشویش ہے کہ اس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ وہ انتہائی مشکل حالات میں جو فیصلے کرتے ہیں اب ان پر نظر رکھی جائے گی ۔

پولیس پر اعتماد ’نازک موڑ ‘ پر

کابا کے اہل خانہ نے افسر کو چارج کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اور وسیع تر برادری کو "کرس کے لیے انصاف کو سامنے رکھنےکی ضرورت ہے"۔

کرس کی موت، جس نے میٹروپولیٹن پولیس کے ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاج کو جنم دیاتھا، لندن کی پولیس فورس پر عوامی اعتماد کے بحران کے درمیان سامنے آیا ہے۔

لندن کی میٹرو پولیٹن پولیس کے ایک حاضر سروس آفیسر کے ہاتھوں ایک نوجوان خاتون سارہ ایورارڈ کے اغوا، زیادتی اور قتل کے واقعے کے بعد سے ہائی پروفائل اسکینڈلز بہت تیزی سے سامنے آئے ہیں۔

سارہ ایورارڈ کی تلاش کے لئے پولیس کے ہینڈ آؤٹ پر ان کی تصویر۔ فوٹو اے ایف پی
سارہ ایورارڈ کی تلاش کے لئے پولیس کے ہینڈ آؤٹ پر ان کی تصویر۔ فوٹو اے ایف پی

سارہ ایورارڈ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کی جانے والی ایک شب بیداری کی پولیس کی جانب سے بھاری نگرانی نے جلتی پر آگ کا کام کیا۔

اس کے علاوہ لندن کے ایک پارک میں جہاں دو سیاہ فام بہنوں کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا وہاں دو پولیس والوں کو جائے واردات کی نگرانی کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔

ان دونوں کی جانب سے جرائم کے منظر کی تصاویر لینے اور شیئر کرنے کی اطلاعات نے غم و غصے کے ایک تازہ دور کو جنم دیا۔

2022 میں لندن میٹرو پولیٹن پولیس کی طرف سے کمیشن کی گئی ایک غیرجانبدار رپورٹ نے یہ نتیجہ اخذ کیا تھا کہ لندن فورس ایک ادارے کی حیثیت سے جنسی امتیاز، نسل پرستی، اور ہم جنس پرستوں کے بارے میں امتیازی رویوں کے طرز عمل پر کاربند ہے اور خود اپنے آپ کو"پولیس کرنےکے قابل نہیں" ہے۔

چیف پولیس انسپکٹر اینڈی کوک کی 2023 کی ایک رپورٹ میں پتا چلا ہے کہ پولیس افسران کے "ظالمانہ" جرائم نے پولیس پر عوام کا اعتماد بری طرح متاثر کیا ہے۔

(یہ رپورٹ اے ایف پی کی فراہم کردہ اطلاعات پر مبنی ہے۔)

فورم

XS
SM
MD
LG