رسائی کے لنکس

اب سیاست کرنا چاہتی ہوں: وینا ملک


وینا کہتی ہیں کہ، ’میرے والد کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ میں سیاست میں آؤں۔ ایک فرمانبردار بیٹی کی طرح میں ان کی خواہش ضرور پوری کروں گی لیکن ۔۔۔۔‘

پاکستان کی بولڈ اینڈ بیوٹی فل ایکٹریس وینا ملک سے جڑی کوئی نہ کوئی ہنگامہ خیز خبرآئے دن میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہے اور ابھی اس کے چرچے ختم نہیں ہوتے کہ وینا اپنی ٹوکری میں سے کوئی ’نیا پیس‘ لے کر دوبارہ حاضر ہو جاتی ہیں۔

بالی وڈ میں قدم جمانے کی کوششوں میں مصروف اسکینڈل کی ملکہ وینا ملک کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں پاکستانی سیاست میں عملی کردار اداکریں گی۔ خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے باتیں کرتے ہوئے وینا ملک نے اعلان کیا کہ وہ سیاست کی نگری میں بھی قدم رکھیں گی اور ایسا وہ اپنے والد کی خواہش کو پورا کرنے کے لئے کریں گی۔

میرے والد کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ میں سیاست میں آؤں۔ ایک فرمانبردار بیٹی کی طرح میں ان کی خواہش ضرور پوری کروں گی لیکن ابھی اس سب کے لئے میں خود کو ’امیچور‘ تصور کرتی ہوں۔

وینا کے مطابق ان کے والد یہ چاہتے تھے کہ وہ وکیل بنیں اور پھر سیاستدان بن جائیں۔ لیکن یہ سب ان کے لئے بہت جلدی تھا۔

وینا ملک کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے والد انہیں شلوار قمیض میں دیکھنا پسند کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ جب بھی وہ اپنے والد سے ملنے جاتی ہیں شلوار قمیض اور دوپٹے میں ملبوس ہوتی ہیں۔

اپنی آنے والی فلم ’زندگی۔۔ففٹی ففٹی‘ کے بارے میں وینا نے بتایا کہ فلم کے بارے میں وہ بہت زیادہ پرجوش ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ فلم 24 مئی کو صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ پاکستان میں بھی ریلیز ہو گی۔

وینا کہتی ہیں ان کے پرجوش ہونے کی وجہ یہ بھی ہے کہ پاکستان میں ان کی فلم ’زندگی ففٹی ففٹی‘ کی ریلیز کا انتظار صرف ان کے فینز ہی نہیں کررہے بلکہ ان کے والدین کو بھی اس کا بے چینی سے انتظار ہے۔
XS
SM
MD
LG