رسائی کے لنکس

جوہری معائنہ کاروں کا دورہ ایران ناکام


جوہری معائنہ کاروں کا دورہ ایران ناکام
جوہری معائنہ کاروں کا دورہ ایران ناکام

ایرانی حکام نے ایجنسی کے معائنہ کاروں کو تہران کے نزدیک واقع پارچین نامی فوجی مرکز کے جائزے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے: جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی (آئی اے اِی اے) کے سربراہ کا بیان

اقوامِ متحدہ کےمعائنہ کاروں نےکہا ہےکہ ایران کی جوہری تنصیبات تک وسیع تررسائی کے لیے کیے جانے والا حالیہ دورہ ناکام ہوگیا ہے۔ ادھراسلامی جمہوریہ کےاعلیٰ ترین رہنما نےخبردار کیا ہے کہ کوئی بھی رکاوٹ ان کے ملک کا جوہری پروگرام پٹری سے نہیں اتار سکتی۔

جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی (آئی اے اِی اے) کے سربراہ یوکیا امانو نے بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ ایرانی حکام نے ایجنسی کےمعائنہ کاروں کو تہران کے نزدیک واقع پارچین نامی فوجی مرکز کے جائزے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

معائنہ کاروں کو شبہ ہے کہ مذکورہ فوجی اڈے میں زیرِ زمین خفیہ جوہری تنصیبات موجود ہیں۔

عالمی ایجنسی کے سربراہ نے بتایا کہ ایران نےان کے ادارے کے وفد کو سائنس دانوں سے پوچھ گچھ کی اجازت دینے اور اپنی جوہری سرگرمیوں کی ترتیب کےبارے میں نتیجہ خیز معلومات دینے سے بھی انکار کردیا ہے۔

ادھر، ایران کے سپریم رہنما آیت اللہ خامنہ ای نے اعلان کیا ہے ایران کا جوہری پروگرام تمام تر "پابندیوں، دباؤ اور قاتلانہ حملوں" کے باوجود جاری رہے گا۔

لیکن ایرانی رہنما نےایک بار پھرمغربی ممالک کےخدشات کی تردید کرتے ہوئےواضح کیا کہ ان کا ملک جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوششیں نہیں کر رہا۔

جوہری سرگرمیوں کےمعائنہ کاروں کے سربراہ ہرمن نکارٹس نے بدھ کوصحافیوں کےساتھ گفتگو میں ایرانی حکام کےساتھ ہونے والے حالیہ بات چیت کو"مایوس کن" قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے کی ٹیم "تعمیری روح" کےساتھ ایران گئی تھی لیکن گزشتہ ماہ کیے جانے والے بے نتیجہ دورے کی طرح اس بار بھی معائنہ کار"آگے کے لیے کسی راستے کا تعین کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے"۔

انہوں نے کہا کہ ایجنسی کے آئندہ اقدامات کا تعین ان کی ٹیم کی جانب سے اپنی رپورٹ ایجنسی کے سربراہ اور بورڈ آف گورنرز کے سپرد کرنے کےبعد ہوگا۔

ادارے کےبورڈ آف گورنرز کا آئندہ اجلاس مارچ کےاوائل میں متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG