ورلڈ کپ کرکٹ 2019ء کی شروعات اب صرف چند روز کی بات ہے۔ تیس مئی کو شروع ہونے والے کرکٹ کے میگا ایونٹ کے پہلے دن میزبان ٹیم انگلینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا جب کہ دوسرے دن پاکستان اور ویسٹ انڈیز اپنے اپنے پہلے میچ میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گے۔
پاکستانی اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اب تک ہونے والے میچز کا جائزہ لیں تو دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر ورلڈ کپ میں 10 مرتبہ ایک دوسرے کے سامنے آچکی ہیں جن میں سے سات بار ویسٹ انڈیز اور صرف تین بار پاکستان فاتح رہا ہے۔
پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی کامیابی 1987ء کے ورلڈ کپ میں ملی تھی۔ اس سے قبل 1975ء سے 1983ء تک پاکستان کو مخالف ٹیم کے مقابلے میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان 1992ء کا ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب رہا تھا۔ لیکن اس ٹورنامنٹ میں اسے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں میچ میں 10 وکٹس سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔
سن 1999 کے ورلڈ کپ کے موقع پر جب کہ ٹیم کی قیادت وسیم اکرم کے ہاتھوں میں تھی، پاکستان کو ویسٹ انڈیز کو ہرانے کا دوسرا موقع ملا۔
سن 2003 اور 1996 کے عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان دونوں ایک دوسرے کے مقابل نہیں آئے تھے۔
سن 2007 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو ہرانے میں کامیابی حاصل کی۔ لیکن، 2011ء میں پاکستان نے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کو 10 وکٹوں سے ہرا کر اپنی گزشتہ شکست کا بدلہ لے لیا تھا۔
سن 2015 کے عالمی کپ میں پاکستان کو ایک مرتبہ پھر ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں مات کھانا پڑی تھی۔
اب 31 مئی کو دونوں ٹیمیں ایک مرتبہ پھر اپنے پہلے ورلڈ کپ میچ میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہیں۔ دونوں ٹیموں کی یہ کوشش ہوگی کہ میچ جیت کر وہ ٹورنامنٹ کا بہترین انداز میں آغاز کریں۔
کرکٹ ماہرین کے خیال میں اس ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کا پرتو ہیں، یعنی دونوں حالیہ مہینوں میں ایک ہی جیسی پرفارمنس دیتی آئی ہیں۔
ایونٹ سے عین قبل پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ہار کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ویسٹ انڈیز بھی سہ فریقی ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش جیسی کم تجربہ کار ٹیم سے ہار گیا۔