رسائی کے لنکس

نواز شریف اور زرداری کی وفاداری ملک سے نہیں چوری کے پیسے سے ہے: عمران خان


کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں الہ دین پارک سے متصل میدان میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ ’’نواز شریف تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔ نواز شریف اور زرداری کے خلاف 23 سال سے جدوجہد کر رہا ہوں۔ نواز شریف اور زرداری اس قوم کے میر جعفر اور میر صادق ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’نواز شریف کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔ مجھے نظر آرہا ہے نواز شریف بہت جلد اڈیالہ جیل سے تقریر کریں گے۔ نواز شریف اور زرداری کی وفاداری اس ملک سے نہیں چوری کے پیسے سے ہے۔ نواز شریف اربوں روپے چوری کرکے ملک سے باہر لے گئے‘‘۔

چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’’نواز شریف اپنی فوج کو دنیا میں بدنام کر رہا ہے۔ نواز شریف نے انٹرویو میں کہا کہ ممبئی حملے کے لئے لوگ پاکستان سے گئے۔ نواز شریف جب چار سال سے وزیر اعظم تھے تب ان کا ضمیر نہیں جاگا۔ یہ ایسا ہے جیسے بلاول بھٹو کہتا ہے کہ میری والدہ کے قاتل کو پکڑو۔‘‘

انہوں نے الزام لگایا کہ’’ نواز شریف یہاں بیٹھ کر نریندر مودی کی زبان بول رہا ہے۔ نواز شریف پاکستانی اداروں پر انٹرنیشنل دبائو بڑھانا چاہتا ہے۔ نواز شریف اپنی چوری چھپانے کیلئے فوج، عدلیہ اور نیب کو برا بھلا کہہ رہا ہے۔ انھیں اپنے چوری کے 300 ارب روپے پکڑے جانے کی فکر ہے۔‘‘

عمران خان نے کراچی سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے شہر کے مسائل کے حل کیلئے نکات پیش کیے۔

پہلا نکتہ بلدیاتی نظام ٹھیک کریں گے۔ دوسرا نکتہ سرکاری تعلیمی اداروں کو بہتر بنائیں گے۔ تیسرا نکتہ صحت کے نظام میں بہتری لائیں گے۔ علاج کا معیار بدلیں گے۔ چوتھا نکتہ پولیس میں سیاسی مداخلت ختم کرائیں گے۔ پانچوں نکتہ کراچی میں بزنس کیلئے بہتر ماحول بنائیں گے۔ چھٹہ نکتہ بجلی کی چوری ختم کرائیں گے۔ بجلی سستی کریں گے۔ ساتواں نکتہ کراچی میں کھیل کے میدان بنائیں گے۔ آٹھواں نکتہ ماحولیات کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ سیوریج کے پانی کو سمندر میں گرنے سے روکنے کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹس لگائیں گے۔ درخت لگائیں گے، سورج کی روشنی سے فائدہ اٹھائیں گے۔ نواں نکتہ کراچی میں ٹریفک کےنظام میں بہتری لائیں گے۔ اورنج ٹرین، سرکلر ریلوے بنائیں گے۔ دسواں نکتہ نوجوانوں کو روزگار دینے کے مواقع پیدا کریں۔

اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ’’لسانی سیاست اور نفرتوں نے کراچی کو تباہ کیا۔ لندن میں بیٹھے شخص کو کراچی کی خبر نہیں۔ سندھ کابیڑا غرق کرنے والوں نے لوٹ مار سے بیرون ملک محل بنائے۔ ہم کراچی کا انتظام بدلیں گے۔ میئر کا براہ راست الیکشن کرائیں گے۔ تحریک انصاف میئر کے لیے ایسا آدمی لائے گی جسے ایڈمنسٹریشن کا تجربہ حاصل ہوگا۔ اس کے ساتھ پوری ٹیم ہوگی جو ماہرین پر مشتمل ہوگی۔ اسے اختیارات دیں گے وہ کراچی کی ذمہ داری لے گا۔ 70فیصد ریونیو کما کر دینے والے کراچی میں پانی نہیں ہے، لینڈ اور پانی کا مافیا کراچی کو ٹھیک نہیں ہونے دیتا‘‘۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ’’ہمارے وزیر اعظم کے امریکا کے ایئرپورٹ پر کپڑے اتار دیے، جب ایک وزیر اعظم کی عزت نہیں تو قوم کی کیا عزت ہوگی۔ اللہ تقدیر بدلنے کا موقع کبھی بھی دیتا ہے اور وہ موقع ہمیں مل گیا ہے۔ پاکستان کو وہ ملک بنائیں گے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا‘‘۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’’سندھ میں نیب کچھ کرتی ہے تو زرداری کہتا ہے جمہوریت خطرے میں ہے۔ پنجاب میں نیب کچھ کرے تو نواز شریف کہتے ہیں یہاں جمہوریت خطرے میں ہے۔ نیب نے مجھ پر ہیلی کاپٹر کیس کیا میں نے خوش آمدید کہا‘‘۔

جلسے سے پاکستان تحریک انصاف کےوائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ12 مئی کے شہیدوں کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں۔ 12مئی ایک ایسا سانحہ تھا جو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’’کراچی میں تبدیلی آ رہی ہے۔ اگر کسی کو شک ہے تو وہ کراچی کا نیا چہرہ یہاں دیکھے کہ کراچی اور سندھ پر دو جماعتوں نے کئی دہایوں سے حکومت کی، مگر عوا م کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا‘‘۔

جلسے میں ’پی ٹی آئی‘ کراچی کی قیادت علی زیدی، عارف علوی، فردوس نقوی، خرم شیر زمان، عمران اسماعیل، فیصل واوڈا، عامر لیاقت سمیت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی شرکت کی۔

جلسے میں کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ جلسے کےاختتام پر قومی ترانہ پڑھا گیا، جس کے بعد، شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG