رسائی کے لنکس

عمران خان جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے


عمران خان پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ (فائل فوٹو)
عمران خان پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان جمعے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس سے خطاب کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق وزیرِ اعظم کشمیر کا معاملہ اٹھائیں گے اور بھارت کے زیر نتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر بات کریں گے۔

’نیو یارک ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمعے کو جنرل اسمبلی سے خطاب میں وہ اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مؤثر اقدام کا مطالبہ کریں گے۔

عمران خان پاکستانی وقت کے مطابق آج رات تقریباً آٹھ بجے جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا بھی جمعے کو خطاب شیڈول ہے۔ لیکن، اُن کا خطاب پاکستان کے وزیر اعظم سے پہلے ہوگا۔

جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت سے پہلے اپنے بیان میں عمران خان اس بات کا اعادہ کر چکے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کے سفیر کے طور پر شرکت کریں گے۔

عمران خان کا نیویارک میں 'ایشیا سوسائٹی' سے خطاب
عمران خان کا نیویارک میں 'ایشیا سوسائٹی' سے خطاب

اُن کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ دنیا کی توجہ کشمیر کی صورت حال اور خطے کی جانب مبذول کرائی جائے اور پاکستان کا نکتہ نظر عالمی برادری کے سامنے پیش کیا جائے۔

جمعرات کی شام نیویارک میں 'ایشیا سوسائٹی' سے خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ انہیں جنرل اسمبلی سے خطاب کا بے صبری سے انتظار ہے۔ اور وہ اقوام متحدہ میں خطاب سے پہلے ویسا ہی محسوس کر رہے جیسا کہ ورلڈ کپ 1992 سے ایک دن پہلے کر رہے تھے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے خصوصی ملاقات کریں گے اور انہیں کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کریں گے۔

عمران خان کے بقول وہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں اقوام متحدہ سے کشمیر میں مداخلت کی درخواست بھی کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لوگوں پر منحصر ہے وہ کیا چاہتے ہیں۔ کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں نے کرنا ہے اور امریکہ اس سلسلے میں یہ کر سکتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ پر دباؤ ڈالے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ وہ جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو اتنے پر زور طریقے سے اٹھائیں گے جتنا پہلے کبھی نہیں کیا گیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب، ملیحہ لودھی نے بھی کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں عمران خان کا خطاب تاریخی ہوگا۔

عمران خان کے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ اور سمندر پار پاکستانی امور کے وزیر ذوالفقار بخاری شامل ہیں۔

اُدھر اطلاعات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ وہ جنرل اسمبلی میں کشمیر کے بجائے اپنے ’’گلوبل وژن‘‘ پر بات کریں گے۔

نریندر مودی کے بقول وہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران اپنی حکومت کی کارکردگی اور موسمیاتی تبدیلی کے لیے ان کی حکومت کی کاوشوں پر بات کریں گے۔

بتایا جاتا ہے کہ جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیرِ اعظم کا خطاب امریکہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 سے 11 بجے کے درمیان ہوگا۔

یاد رہے کہ جنرل اسمبلی میں عام مباحثے کا سلسلہ 24 ستمبر کو شروع ہوا جو 30 ستمبر تک جاری رہے گا۔

XS
SM
MD
LG