نئی دہلی —
بھارت کے سیکرٹری خارجہ وجے گوکھلے نے، جو ایک سرکاری دورے پر امریکہ میں ہیں، امریکہ کے وزیر خارجہ مائیکل پومپیو سے پیر کے روز ملاقات کی۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے پلوامہ میں دہشت گرد حملے کے بعد امریکی حکومت اور ان کی جانب سے بھارت کی بھرپور حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے سرحد کے آر پار دہشت گردی پر بھارت کی تشویش پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بارے میں اتفاق ہے کہ پاکستان کو اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے ڈھانچے ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہییں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو کوئی بھی کسی حوالے سے دہشت گردوں کی مدد کرتا ہے اسے اس کا ذمہ دار ٹہرایا جانا چاہیے۔
دونوں راہنماؤں نے افغانستان، انڈوپیسیفک علاقے میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی۔