کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لئے بھارت کی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے ویرات کوہلی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی جانب سے ورلڈ کپ اسکواڈ کے اعلان کے بعد بھارت نے بھی میگا ایونٹ کے لئے اپنے کھلاڑی میدان میں اتار دئیے ہیں۔
دنیش کارتھک اور وجے شنکر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ رشبھ پنت اور امباتی رائیڈو ٹیم میں جگہ نہ بناسکے۔
دنیش کارتھک اور رشبھ پنت کے درمیان چوتھی پوزیشن کے لئے سخت مقابلہ تھا تاہم نوجوان کرکٹر پر کارتھک کا تجربہ بازی لے گیا۔
اسکواڈ
بھارتی اسکواڈ میں کپتان ویرات کوہلی ، روہیت شرما، شیکھر دھون، اے ایل راہول، وجے شنکر، ایم ایس دھونی ، کیدر جادھو، دنیش کارتھک،، یوزویندر چہل، کل دیپ یادیو، بھو نیشور کمار، جسپریت بومرہ، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجا اور محمد شامی شامل ہیں۔
چیف نیشنل سلیکٹر ایم ایس کے پرساد کا کہنا ہے کہ ہم سب کا اتفاق تھا کہ دھونی کی انجری کی صورت میں رشبھ پنت یا دنیش کارتھک میں سے کوئی ایک گیارہ کھلاڑیوں میں شامل ہوگا۔
رشبھ پنت پر دنیش کارتھک کو ترجیح دینے پرایم ایس کے پرساد کا موقف تھا کہ اگر سیمی فائنل یا کوئی اہم میچ ہوتو وکٹ کیپنگ کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔ اسی بنیاد پر دنیش کارتھک کا انتخاب کیا گیا ورنہ رشبھ پنت تقریبا جگہ بنا چکے تھے۔
وجے شنکر کی ٹیم میں شمولیت کا دفاع کرتے ہوئے چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ انگلش کنڈیشنز میں وہ بولنگ بھی کرسکتے ہیں جبکہ ساتھ ہی وہ اچھے فیلڈر بھی ہیں۔
ایم ایس پرساد کا مزید کہنا ہے کہ شنکر وجے ، دنیش کارتھک اور کیدر جادھو کی صورت میں اب ہمارے پاس نمبر چار پوزیشن کے لئے کئی آپشن موجود ہیں۔
ورلڈ کپ 2019 میں بھارت 5 جون کو ساوتھمپٹن میں جنوبی افریقا کے خلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔