رسائی کے لنکس

وارنر اورسمتھ آسٹریلوی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل


فائل فوٹو: اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر
فائل فوٹو: اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر

دفاعی چمپئن آسٹریلیا نے ورلڈ کپ 2019ء کے لئے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی ٹیم میں واپسی ہو گئی ہے۔

فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے، وہ جنوری میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران بیک اسٹریس فریکچر کا شکار ہو گئے تھے۔

سابق کپتان اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر 2018ء میں جوہانسبرگ ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں عائد ایک سال کی پابندی گزشتہ ماہ ہی ختم ہوئی ہے اور دونوں کھلاڑی ان دنوں بھارت میں جاری انڈین پریمئر لیگ میں مصروف ہیں۔

آسٹریلوی اسکواڈ میں کپتان آرون فنچ، عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، شان مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنیس، ایلکس کیرے، پیٹ کومنس، مچل اسٹارک، جھائے رچرڈسن، ناتھ کولٹر۔نائل، جیسن بہرین ڈورف، ناتھ لیون اور ایڈم زامپا شامل ہیں۔

پیٹر ہینڈزکومب پاکستان اور بھارت کے خلاف حالیہ سیریز کے تمام میچز کھیلنے کے باوجود اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے۔ جبکہ مارچ میں ون ڈے ڈیبیو کرنے والے 26 سالہ آل راؤنڈر ایشٹون ٹرنر بھی اسکواڈ سے باہر ہیں۔

اسپنرز میں ناتھن لیون اور ایڈم زامپا جبکہ فاسٹ بولرز میں پیٹ کومنز، مچل اسٹارک، ناتھن کولٹر۔نائل، جھائے رچرڈسن اور جیسن بہرین ڈورف کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اسکواڈ میں واحد اسپیشلسٹ وکٹ کیپر ایلیکس کیرے کو رکھا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے چیئرمین آف سلیکٹرز ٹریور ہانس کا کہنا ہے کہ ہیزل ووڈ ورلڈ کپ نہیں کھیل سکیں گے، وہ ایشز کے لئے آسٹریلیا کے پلان کا اہم حصہ ہوں گے۔

فاسٹ بولر ہیزل ووڈ نے 44 ایک روزہ میچوں میں 72 وکٹیں لے رکھی ہیں، وہ کمر کی انجری کے باعث جنوری سے سائیڈ لائن ہیں تاہم وہ پراعتماد تھے کہ ورلڈ کپ کے لئے فٹ ہو جائیں گے۔

ٹریور کا کہنا ہے کہ ہماری توجہ اس بات پر ہے کہ جوش ہیزل ووڈ ایشز ٹور سے پہلے اپنی بہترین بولنگ پر واپس آجائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دستیاب ٹیلنٹ میں سے ٹیم کا انتخاب مشکل کام تھا لیکن خوشی ہے کہ اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آرہے ہیں، دونوں ورلڈ کلاس کرکٹر ہیں اورآئی پی ایل میں ان کی پرفارمنس دیکھ کر اچھا لگ رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG