رسائی کے لنکس

بنگلور میں کرکٹ میچ سے عین قبل دو دھماکے، 15افراد زخمی


بنگلور میں کرکٹ میچ سے عین قبل دو دھماکے، 15افراد زخمی
بنگلور میں کرکٹ میچ سے عین قبل دو دھماکے، 15افراد زخمی

بنگلور میں انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک ٹی 20کرکٹ میچ سے عین قبل سٹیڈیم کے باہر دو بم دھماکے ہوئے جِن میں تقریباً 15افراد زخمی ہوئے، جِن میں پانچ سکیورٹی اہل کار بھی شامل ہیں۔

اگرچہ دونوں دھماکے زیادہ طاقتور نہیں تھے، لیکن اِس سے خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا اور سارے سٹیڈیم میں افراتفری مچ گئی۔دھماکوں کے سبب رائل چیلنجر اور ممبئی انڈینز کے درمیان میچ تاخیر سے شروع ہوا۔

بنگلور کے چِنا سوامی سٹیڈیم میں تقریباً 35000افراد میچ دیکھنے کے لیے موجود تھے۔ پولیس کے مطابق سہ پہر تین بج کر 15منٹ پر وقفے وقفے سے دو دھماکے ہوئے۔ پولیس کی جانب سے مکمل تلاشی کے بعد ہی میچ کا آغاز ہو سکا۔

پولیس کے مطابق، دھماکہ خیز مواد کو سٹیڈیم کے باہر ایک دیوار کے قریب پلاسٹک بورڈ کے پیچھے رکھا گیا تھا جِس سے دیوار کو نقصان پہنچا اور سکیورٹی اہل کار اور شائقین اِس کی زد میں آگئے۔

دوسرا دھماکہ سٹیڈیم کے قریب ہوا جو معمولی نوعیت کا تھا۔ بنگلور کے پولیس کمشنر انوک کمار نے بتایا کہ یہ دونوں کم طاقتور بم دھماکے تھے اوراِس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ پولیس نے سٹیڈیم کے علاوہ سارے شہر میں چوکسی اختیار کر لی ہے۔

پولیس نے کہا کہ دونوں دیسی ساخت کے بم تھے۔ مقامی پولیس نے کہا کہ یہ محض حادثاتی دھماکہ نہیں ہو سکتا بلکہ اُنھیں منظم انداز میں رکھا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG