رسائی کے لنکس

بھارت: یوم جمہوریہ کی تقریب میں فرانسیسی صدر کی شرکت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

تاریخ میں پہلی بار فرانسیسی فوج کے ایک دستے نے بھی اس پریڈ میں حصہ لیا جس کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل پال بری نے کی۔

بھارت کا 67 واں یوم جمہوریہ منگل کو منایا جا رہا ہے جس کی روایتی مرکزی تقریب دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی فرانس کے صدر فرانسواں اولاند تھے۔

راج پتھ پر بھارت کی مسلح افواج اور دیگر سکیورٹی فورسز کے دستوں اور عسکری سازوسامان کی پریڈ کے ساتھ ساتھ ملک کی ثقافت کو فلوٹ کے ذریعے اجاگر کرنے کا شاندار مظاہرہ ہوا۔

بھارتی یوم جمہوریہ 1950 میں ملک کے پہلے آئین کی تشکیل کی سالگرہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

تاریخ میں پہلی بار فرانسیسی فوج کے ایک دستے نے بھی اس پریڈ میں حصہ لیا جس کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل پال بری نے کی۔

اس دستے کا تعلق فرانسیسی فوج کی 35 انفینٹری رجمنٹ سے تھا جو کہ فرانس کی سب سے قدیم اور اب تک فعال رجمنٹ ہے۔

بھارت کے صدر پرنب مکھرجی نے پریڈ سے سلامی لی جب کہ تقریب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ اعلی سول و فوجی شخصیات اور بڑی تعداد میں غیر ملکی سفارتکار اور مہمان شریک تھے۔

یوم جمہوریہ کے سلسلے پورے ملک میں سکیورٹی انتہائی چوکس ہے جب کہ نئی دہلی میں خاص طور پر حفاظتی انتظامات کو انتہائی سخت کر دیا گیا۔

فرانس کے صدر بھارت کے تین روزہ دورے پر تھا جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے قابل ذکر تبادلہ خیال اور معاہدے کیے گئے۔

فرانسیسی صدر کے ساتھ اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے علاوہ کاروباری شخصیات کا ایک وفد بھی بھارت آیا تھا جس نے یہاں کی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کی اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ سے متعلق سمجھوتے کیے۔

دونوں ملکوں کے درمیان 2014ء میں سالانہ تجارتی حجم 8.6 ارب ڈالر تھا۔

XS
SM
MD
LG