رسائی کے لنکس

بھارت کےپڑوس میں پُرتشدد ہنگامے سلامتی کے لیےچیلنج ہیں: وزیرِ دفاع


بھارتی وزیرِ دفاع اے کے اینٹونی نے کہا ہے کہ بھارت کے پڑوس میں پُر تشدد ہنگامے اُس کی سلامتی کے لیے چیلنج کا درجہ رکھتی ہیں، اور حکومت مسلح افواج کی تیز رفتار جدید کاری کے عہد کی پابند ہے تاکہ اِس چیلنج کا مقابلہ کیا جاسکے

اُنھوں نے یہ بات بنگلور میں بدھ کے روز شروع ہونے والے جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے ایئر شو ’ایئرو انڈیا2011ء’ کے موقعے پر کہی۔

اے کے اینٹونی نے مزید کہا کہ بھارت کے جمہوری کردار کی مضبوطی اور تیزی سے اُبھرتی معیشت نے دنیا کو قائل کردیا ہے کہ وہ اِس خطے میں استحکام کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرسکتا ہے۔

اُنھوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت کے نزدیک اور دوسرے پڑوس میں تشدد آمیز کارروائیوں سے اِس پورے خطے کو خطرہ لاحق ہے۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ بھارت کا موجودہ دفاعی بجٹ مجموعی قومی پیداوار کا ڈھائی فی صد ہے جو کہ ملک کی دفاعی ضرورتوں کے مطابق ہے۔ اگلی دو دہائیوں میں اُس میں اضافہ کیا جائے گا۔

جنوبی ایشیا کے اِس سب سے بڑے ایئر شو میں، جو کہ پانچ روز تک جاری رہے گا، 29ملکوں کی 40سے زائد کمپنیاں اور اندرونِ ملک کی 295کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔

پانچ بڑے ملکوں امریکہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور روس سمیت 36ملکوں کے سرکاری مندوبین بھی اِس میں شرکت کر رہے ہیں۔ سب سے بڑا وفد امریکہ کا ہے جِس میں 250ارکان شامل ہیں اور اُس کی قیادت امریکہ کے معاون وزیرِ خارجہ برائے سیاسی و دفاعی امور کر رہے ہیں۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG