رسائی کے لنکس

انگلینڈ کی بھارت کے خلاف سات وکٹوں سے کامیابی


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

کولکتہ میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد انگلینڈ کو چار میچوں کی سیریز میں دو ایک سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔

بھارت کے ایڈن گارڈن کولکتہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے بھارت کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو۔ ایک کی برتری حاصل کر لی ہے۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اوراپنی پہلی اننگز میں تین سو سولہ رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے سچن ٹنڈولکر نے سب سے زیادہ چھہتر رنز اسکور کیے جبکہ گوتم گھمبیر ساٹھ اور دھونی باون رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

انگلینڈ کے مونٹی پنسار نے چار جبکہ جیمز انڈرسن نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

جواب میں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں الیسٹر کُک کی ایک سونوے رنز کی شاندار اننگر کی بدولت پانچ سو تئیس رنز بنائے اور انگلینڈ کی جانب سے دوسرے کامیاب بلے باز جوناتھن ٹراٹ رہے جنھوں نے ستاسی رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت کی جانب سے اوجا نے چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

بھارت نے اپنی دوسری اننگز دو سو سات رنز کے خسارے سے شروع کی اور پوری ٹیم صرف دو سو سینتالیس رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ دوسری اننگز میں اشوان اکانوے رنز کے ساتھ بھارت کے سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ انگلینڈ کے انڈرسن اور فن نے تین تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

انگلینڈ نے اکتالیس رنز کا ہدف تین وکٹ پر حاصل کر کے میچ سات وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔ الیسٹر کُک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت نے سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے اور تیسرے میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سیریز کا آخری میچ 13 دسمبر سے ناگ پور میں کھیلا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG