رسائی کے لنکس

بھارت میں سونا سستا ہونے کا امکان، حکومت کا درآمدی ڈیوٹی گھٹانے پر غور


بھارتی حکومت اور صنعت کے عہدیداروں نے خبر رساں ادارے ، رائٹرز کو بتایا کہ بھارت سونے کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اس پر عائد درآمدی ڈیوٹی میں کمی پر غور کر رہا ہے کیونکہ ملک میں سونے کی غیر قانونی درآمد سے بینکوں، سونے کے تاجروں اور حصص کی مارکیٹ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

بھارت کا شمار دنیا کے دوسرے سب سے بڑے خریدار کے طور پر کیا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں نجی سطح پر زیورات کی شکل میں سب سے زیادہ سونا بھارتی گھرانوں میں موجود ہے۔ سونے پر درآمدی ڈیوٹی میں کمی سے سونا مزید سستا ہو جائے گا اور اس کی خوردہ فروخت بڑھ جائے گی۔

ڈیوٹی میں کمی کا ایک فائدہ سونے کا کام کرنے والے ان چھوٹے دکانداروں اور سناروں کو بھی ہو سکتا ہے جنہیں کچھ عرصے سے مندی کا سامنا کرنا پر رہا ہے کیونکہ غیر قانونی طریقے سے ملک میں آنے والی سونے کی مصنوعات اور زیوارت مقامی طور پر تیار ہونے والے زیورات سے سستے پڑتے ہیں اور سنار ان کی قیمتوں کا مقابله نہیں کر سکتے۔

چندی گڑھ میں ایک خاتون جیولری کے ایک شو روم میں ایک ہار کو بڑے غور سے دیکھ رہی ہے۔ فائل فوٹو
چندی گڑھ میں ایک خاتون جیولری کے ایک شو روم میں ایک ہار کو بڑے غور سے دیکھ رہی ہے۔ فائل فوٹو

درآمدی ڈیوٹی میں کٹوتی کے امکان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ایک سرکاری اہل کار نےشناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا، کہ حکومت ،ڈیوٹی سے متعلق پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ ہے اور انہیں جلد ہی درست کر دیا جائے گا۔

بیرون ملک سے سونا اسمگل کر کےڈیوٹی سے بچنے کے لیے اسے کیش پر فروخت کرنے والے اسمگلروں کو گزشتہ سال جولائی میں اس وقت بہت زیادہ منافع ہوا جب حکومت نے تجارتی خسارے کو کم کرنے اور روپے کو سہارا دینے کے لیے سونے پر بنیادی درآمدی ڈیوٹی 7.5 فیصد سے بڑھا کر 12.5 فیصد کر دی تھی۔

اس وقت سونے پر عائد ڈیوٹی 18.45فی صد ہے جس میں 12.5 فی صد درآمدی ڈیوٹی، 2.5 فی صد زرعی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ڈیوٹی اور دیگر ٹیکس شامل ہیں۔

ایک اور اہل کار نے بتایا کہ حکومت ڈیوٹی کی موجودہ سطح کو مجموعی طور پر 12 فیصد سے نیچے لانے پر غور کر رہی ہے، اور اس بارے میں جلد ہی حتمی فیصلہ ہو جائے گا۔

جب وزارت خزانہ سے اس پر تبصرہ کے لیے کہا گیا تو اس نے انکار کردیا جب کہ وزارت تجارت نے بھی فوری طور پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

بھارت میں سونے کے زیورات خواتین میں بہت مقبول ہیں اور دیہی علاقوں میں بینکوں میں اپنی بچت رکھنے کی بجائے زیورات کی شکل میں محفوظ کرنے کو ترجیج دی جاتی ہے۔
بھارت میں سونے کے زیورات خواتین میں بہت مقبول ہیں اور دیہی علاقوں میں بینکوں میں اپنی بچت رکھنے کی بجائے زیورات کی شکل میں محفوظ کرنے کو ترجیج دی جاتی ہے۔

وزارت تجارت کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ وہ سونے پر درآمدی ڈیوٹی میں کٹوتی کے حق میں ہیں اور انہوں نے وزارت خزانہ کو اس کے بارے میں تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ بجٹ میں ڈیوٹی میں کمی کی جا سکتی ہے،کیونکہ سونے کی اسمگلنگ بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے

جولائی میں سونے پر ڈیوٹی میں اضافے سے اسمگلروں کو بہت فائدہ پہنچا تھا ۔

سونے کے ایک بڑے کاروباری سی جی آر میٹالوئز کے مینیجنگ ڈائریکٹر جیمز جوز نےبتایا کہ گرے مارکیٹ کےسوداگر اب سرکاری گھریلو قیمتوں پر 40 ڈالر فی اونس سے زیادہ کا ڈسکاؤنٹ دے رہے ہیں، جس کا کوئی بینک یا سونے کے بیوپاری مقابلہ نہیں کر سکتا۔

جوز کا کہنا تھا کہ سمگلنگ کو روکنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ ڈیوٹی میں خاطر خواہ کٹوتی کی جائے۔

کسٹمز اور دیگر ایجنسیوں نے گزشتہ سال نومبر تک غیر قانونی طور پر لایا گیا 3083.6 کلو سونا ضبط کیا، جو تین سالوں میں پکڑے جانے والے کی سونے کی سب سے بڑی مقدار ہے۔

بھارتی سونے کی قیمت گزشتہ ہفتے 56850 روپے فی 10 گرام کی ریکارڈ بلندی تک پہنچ گئی۔

وزارت تجارت کے تخمینے کے مطابق، اسمگلنگ میں اضافے کے باعث، دسمبر میں قانونی درآمدات میں 79 فیصد کی کمی ہوئی جو پچھلی کم از کم دو دہائیوں میں سب سے کم ترین سطح ہے۔

(اس رپورٹ کا کچھ مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔)

XS
SM
MD
LG