بھارت نے فرانس سے 6600کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ترین میزائل نظام خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ وہ اپنی فضائی قوت میں مزید اضافہ کرسکے۔
فرانس کی اسلحہ ساز کمپنی MBDAسے فضا سے فضا میں مار کرنے والے 490جدید ترین میزائل خریدے جائیں گے اور اُنھیں51میراج 2000 جنگی طیاروں پرنصب کیا جائے گا، جِن کی جدید کاری فرانسسی کمپنیاں کریں گی۔
سرِ دست دو طیارے جدید کاری کے لیے فرانس بھیجے گئے ہیں اور باقی طیاروں کی جدید کاری کا عمل بھارت میں ہندوستان ایئروناٹکس لمیٹڈ میں پورا ہوگا۔جدید کاری کا یہ علیحدہ سودا 10940کروڑ روپے میں جولائی 2010ء میں ہوا تھا۔
تازہ معاہدے کے تحت فرانسسی کمپنی MBDAبھارت کے دفاعی سیکٹر میں سودے کا 30فی صد یعنی 315ملین یورو کی سرمایہ کاری کرے گی۔
اس سودے کی منظوری سلامتی سے متعلق کابینہ کمیٹی نے دی ہے، جِس کی صدارت وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کی۔
وزیر دفاع اے کے اینٹونی کے مطابق طیاروں کی جدید کاری کا عمل توقع ہے کہ 2021ء تک مکمل ہوجائے گا۔
حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے بھارت ایک اور بڑا معاہدہ کرنا چاہتا ہے جس کے تحت وہ فضائیہ کے پائلٹوں کی ٹریننگ کے لیے 75 سوئس ٹربو پراب ایئرکرافٹ خریدے گا۔
سرکاری ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ اگلے ہفتے اِس سودے کو بھی منظوری دے دی جائے گی۔