رسائی کے لنکس

دہلی بم دھماکے میں ایرانی ملوث ہیں: بھارتی پولیس چیف


13 فروری کو نئی دہلی میں ایک اسرائیلی سفارت کار کی گاڑی سے دھماکہ خیز مواد، ایک مقناطیس کے ذریعے، چپکا دیا تھا جس کی وجہ سے سفارت کار کی اہلیہ زخمی ہوگئی تھیں

بھارت ان تین ایرانی باشندوں کے خلاف بین الاقوامی وارنٹ جاری کرانے کی کوشش کررہاہے جن کے بارے میں اسے شبہ ہے کہ وہ اسرائیلی سفارت کاروں پر حملے کے منصوبے میں شامل تھے۔

نئی دہلی پولیس کے سربراہ برجیش گپتا نے جمعے کے روز کہا کہ بھارت نے ان تین مبینہ افرادکی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا ہے، جن کے بارے میں خیال ہے کہ پچھلے مہینے اسرائیلی سفارت خانے کی ایک گاڑی پر بم حملوں سے ان کاتعلق ہوسکتا ہے۔

پولیس چیف نے کہا کہ تفتیش کاروں نے مذکورہ افراد اور تھائی لینڈ میں ناکام بم دھماکے کے درمیان تعلق کا بھی پتا چلایا ہے۔

13 فروری کو نئی دہلی میں ایک اسرائیلی سفارت کار کی اہلیہ اس وقت زخمی ہوگئی تھی جب وہ اپنے بچے کو اسکول سے لینے جارہی تھی۔

بھارتی عہدے داروں کا کہنا ہے دہشت گردوں نے ایک مقناطیس کے ذریعے ان کی کار سے دھماکہ خیز مواد چپکا دیاتھا۔

تھائی لینڈ کے عہدے داروں کے مطابق نئی دہلی کے واقعہ کے ایک روز بعد بم کے ساتھ ایسے ہی مقناطیس بنکاک میں ملے تھے ، مگر یہ حملہ ناکام ہوگیاتھا۔

تھائی لینڈ کی پولیس نے اس سلسلے میں دو ایرانی باشندوں کو گرفتار کیاتھا جب کہ تیسرا شخص ملائیشیا میں پکڑا گیاتھا جس کا نام مسعود ہے۔

جمعے کے روز دہلی پولیس کے سربراہ نے کہا ان کے تفتیش کاروں کو معلوم ہوا ہے دہلی حملے میں ملوث افراد مسعود سے رابطے میں تھے۔

اسرائیل ان تین حملوں کا الزام، جن میں سے ایک جارجیا میں ہواتھا، اعلانیہ طورپر ایران پر لگاچکاہے۔جبکہ ایران اس سے انکار کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG