بھارت کے زیر اتنظام کشمیر میں ایک برفانی تودے تلے دب کر ہلاک ہونے والے تین فوجیوں کی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔
بھارتی فوج کے ایک ترجمان کرنل راجیش کالی نے کہا کہ لداخ کے بٹالک سیکٹر میں ایک فوجی چوکی پر برفانی تودہ گرنے کے فوری بعد امدادی کارروائی کر کے دو فوجیوں کو بچا لیا گیا ہے۔
جب کہ تین دیگر فوجیوں کی لاشوں کو جمعہ کو کشمیر کو تقسیم کرنے والی حد بندی لائن (لائن آف کنڑول) کے قریب سے برآمد کر لیا گیا۔
بھارت کے زیر اتنظام کشمیر میں گزشتہ تین روز سے جاری بارشوں اور برفباری کی وجہ سے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے سیلاب کا خدشہ ہے جب کہ کشمیر کو بھارت کے دیگر علاقوں سے منسلک کرنے والی مرکزی شاہراہ پر ٹریفک درہم برہم ہو گئی ہے۔
بھارت اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مٹی اور برفانی تودے گرنے کے واقعات اکثر پیش آتے رہے ہیں جو بھارتی اور پاکستانی فوج کے لیے بھاری جانی نقصان کا باعث بنتے ہیں۔