بھارت میں دہلی کی ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کرنے والی جماعت "عام آدمی پارٹی" کے اروند کیجریوال نے وزارت اعلیٰ کے منصب کا حلف اٹھا لیا ہے۔
ہفتہ کو دہلی کے رام لیلا میدان میں حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر کیجریوال کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں گرجا گھروں پر حملے دیکھنے میں آئے ہیں اور ان کی انتظامیہ فوری طور پر ایسے اقدامات کرے گی جس سے دارالحکومت میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
"کچھ لوگ نفرت کی سیاست کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم یہ برداشت نہیں کریں گے۔"
جمعہ کو دہلی کے جنوبی علاقے میں کچھ لوگوں نے ایک مسیحی اسکول پر دھاوا بولا اور وہاں سے کچھ رقم چرائی اور نگرانی کے لیے لگائے گئے کیمروں کو توڑ دیا۔
حالیہ ہفتوں میں شہر میں مسیحی عمارتوں پر ہونے والا یہ چھٹا حملہ تھا جس کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے پولیس کو مقدس مقامات کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کرنا پڑی۔
46 سالہ اروند کیجریوال دوسری مرتبہ دہلی کے وزیراعلیٰ بنے ہیں۔ 2013ء میں انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ صرف 49 روز تک اس منصب پر فائز رہنے کے بعد مستعفی ہو گئے تھے۔
استعفیٰ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انھیں عوام کے مسائل کے حل کے لیے کام کرنے میں شدید رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
ان کی جماعت حالیہ انتخابات میں ان وعدوں کے ساتھ میدان میں آئی کہ وہ بدعنوانی کے خاتمے اور بجلی و گیس کے بلوں میں کمی کرنے کے اقدامات کرے گی۔
70 رکنی اسمبلی میں عام آدمی پارٹی نے 67 نسشتیں جیتی تھیں۔