رسائی کے لنکس

بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست، SKY کی ’گولڈن ڈک‘ کی ہیٹرک


آسٹریلیا نے بھارت کو تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں 21 رنز سے شکست دے کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی ہے۔ یہ چار سال میں پہلی مرتبہ ہے کہ بھارت کو اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں شکست ہوئی ہے۔

بدھ کو چنائی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49 اوورز میں 269 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارت کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ ایک اوورز میں 248 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

بھارت کی جانب سے سابق کپتان وراٹ کوہلی نے 72 گیندوں پر 54 رنز بنائے اور وہ ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زیپا نے زبردست بالنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 45 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

یوں آسٹریلوی ٹیم نے تیسرے ایک روزہ میچ میں 21 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 1-2 سےاپنے نام کرلی۔

ٹیم کی شکست پر بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ 270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بڑی پارٹنرشپ کا نہ ہونا بھارت کی ہار کی ایک وجہ ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے این ٹی ڈی وی کے مطابق بھارتی کپتان روہت شرما نے سیریز میں شکست کو 'اجتماعی ناکامی' قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہمیں کہاں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

ان کے بقول ہم اس سیریز سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو جیت کا کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے اسپن اور فاسٹ بالنگ کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائی۔

بھارت کو چار سال بعد اپنے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست ہوئی ہے۔ اس سے قبل سال 2019 میں آسٹریلیا نے ہی ایرون فنچ کی قیادت میں اس وقت کی کوہلی الیون کو سیریز میں شکست دی تھی۔

سیریز کا پہلا میچ اگرچہ بھارت نے پانچ وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا لیکن دوسرے ون ڈے میں بھارت کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کی پوری ٹیم 26 اوورز میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھیں۔ آسٹریلیا نے یہ میچ 10 وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا اور 118 رنز کا ہدف 11 اوورز میں ہی حاصل کرلیا تھا۔

SKY کی تینوں میچز میں ’گولڈن ڈک‘

حالیہ سیریز میں ایک اور خاص بات بھارت کے ٹاپ بیٹر کا نہ چلنا بھی تھا۔ ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بیٹر سوریا کمار یادیو تین میچز کی ون ڈے سیریز میں کوئی رنز نہ بنا سکے۔سوریا کمار یادیو کو ان کے نام کے ابتدائی حروف کی مناسبت سے مداح SKY پکارتے ہیں۔

ابتدائی دو میچز میں سوریا کمار آسٹریلوی پیسر مچل اسٹارک کا شکار بنے جب کہ تیسرے میچ میں وہ ایشٹن اگر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ تینوں میچز میں سوریا پہلی ہی بال پر صفر پر آؤٹ ہوئے۔

دنیا کے نمبر ون بیٹر کے تین میچز میں مسلسل صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی کئی میمز وائرل ہو رہی ہیں۔

ایک صارف نے فیصلہ کن میچ کے دوران گراؤنڈ میں شکار کرنے والے عقاب کے واقعے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس عقاب نے گراؤنڈ پر اس سے زیادہ وقت گزارا ہے جتنا وقت سوریا کمار یادیو پوری سیریز کے دوران گراؤنڈ میں موجود رہے۔‘‘

ایک اور صارف روشن روئے نے لکھا کہ سوریا کمار یادیو کا لاکر روم کچھ اس طرح دکھ رہا ہوگا۔

XS
SM
MD
LG