امریکی پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے پہلی بار وفاقی سطح پر امریکی کانگریس کے ایک رکن جمال بومن نے آج ایوان نمائندگان میں ایک تاریخی قرارداد پیش کی، جس میں ’’یوم پاکستان‘‘کے موقع پر امریکہ میں بھی یہ دن منانے کی حمایت کی۔
کانگریس میں یہ قرارداد پیش کرنے پر پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور پاک امریکہ کمیونٹی کے تعاون کو خراج تحسین پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستانی سفیر نے قرارداد کے حوالے سے کوشش کرنے والی تنظیم امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کی کوششوں کو بھی سراہا۔
کانگریس کے رکن جمال بومن نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ارکان کے ساتھ 23 مارچ 2023 کو ’’یوم پاکستان‘‘ کے طور پر منانے کی حمایت کے اظہار کے لیے بدھ کو ہونے والی ایک کانفرنس میں کہا کہ امریکی پاکستانیوں نے امریکی معاشرے میں ایک اہم کردار ادا کیا اور اس کو تسلیم کرنا چاہیے۔
وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا “اس قرارداد کی منظوری میں مخالفت تو ہو گی مگر وہ اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔“
مسٹر بومن نے یوم پاکستان کی حمایت میں امریکہ میں تقریباً 800,000 پاکستانی امریکیوں کے ثقافتی تنوع اور طاقت کو بھی سراہا اور ان کے امریکی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر بھی روز دیا۔
اس قرارداد کے لیے کام کرنے والے گروپ امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے مطابق ان کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ امریکہ میں منتخب قائدین یہاں بسنے والے پاکستانی حلقوں کی بات سنیں تاکہ پاکستانی امریکی ثقافت کی شراکت داری اور خوبصورتی کو منایا جا سکے۔
وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے تنظیم کے سربراہ علی راشد نے کہا، “پاکستانی امریکن کمیونٹی ہمیشہ سے جمہوریت، آزادی، اور محنت کے اصولوں کو عزت دینا چاہتی ہے۔ اس قرارداد کا مقصد ہماری نسل کو امریکہ میں پاکستانی شناخت سے آشنا کرنا بھی ہے۔”
یوم پاکستان کے موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی خصوصی تقریب
83ویں یوم پاکستان کے موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن نیویارک میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کے ساتھ ایک مشترکہ تقریب ہوئی۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے قومی پرچم لہرایا اور قومی ترانہ بجایا گیا۔
سفیر منیر اکرم نے تمام پاکستانیوں کو اس تاریخی دن کو منانے پر مبارکباد پیش کی اور قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک آزادی کے تمام قائدین کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے قیام پاکستان کے لیے تصور کیا، جدوجہد کی اور قربانیاں دیں۔