بھارتی حکام نے ماؤ نواز باغیوں کے خلاف سخت کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اس سے پہلے ماؤ نواز باغیوں نے عشروں سے جاری باغیانہ سرگرمیوں کی تاریخ میں سیکیورٹی فوج پر مہلک ترین حملہ کر کے 76 فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
بھارتی وزیرِ داخلہ پی چدم برم نے بدھ کے روز وسطی ریاست چھتیس گڑھ کا دورہ کیا جہاں ایک روز پہلے باغیوں نے سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے دستے پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا۔
چدم برم نے کہا کہ اگر یہ جنگ ہے تو یہ ایسی جنگ ہے جو ملک پر مسلط کی گئی ہے۔ انہوں نے بدھ کے روز کہا کہ باغیوں سے لڑائی کے لیے فوج کو تعینات نہیں کیا جا سکتا، البتہ انہوں نے فضائی حملوں کے امکان کو رد نہیں کیا۔
بھارتی حکام نے کہا ہے کہ جن فوجی دستوں پر حملہ کیا گیا وہ ’آپریشن گرین ہنٹ‘ کا حصہ تھے۔ اس آپریشن کا مقصد ماؤ نواز باغیوں کا قلع قمع کرنا تھا۔