رسائی کے لنکس

قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کی بھارتی تجویز پر غور


پاکستانی مشیر خارجہ و قومی سلامتی (سرتاج عزیز)
پاکستانی مشیر خارجہ و قومی سلامتی (سرتاج عزیز)

یہ تجویز ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب رواں ہفتے ہی بھارتی حکام نے اپنے سرحدی ضلع گرداس پور میں ہونے والے ایک دہشت گرد حملے کے بعد الزام عائد کیا تھا کہ حملہ آور پاکستان سے آئے تھے۔

بھارت نے پاکستان کو دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں کی رواں ماہ ملاقات کے لیے تجویز پیش کی ہے جس پر اسلام آباد تاحال غور کر رہا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں اس پیشکش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تاحال اس کی تاریخوں کے بارے میں انھوں نے حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

"تجویز آئی ہے ان (بھارت) کی طرف سے لیکن میں نے ابھی تاریخ کنفرم نہیں کی۔۔۔ ابھی ایجنڈا طے نہیں وہ آجائے تو پھر آئندہ چند دنوں میں اس بارے میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔"

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق بھارت 23 اور 24 اگست کو یہ ملاقات نئی دہلی میں منعقد کرنا چاہتا ہے۔

یہ تجویز ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب رواں ہفتے ہی بھارتی حکام نے اپنے سرحدی ضلع گرداس پور میں ہونے والے ایک دہشت گرد حملے کے بعد الزام عائد کیا تھا کہ حملہ آور پاکستان سے آئے تھے۔

تاہم پاکستان نے اس الزام کو بے بنیاد قرار دے کر سختی سے مسترد کیا تھا۔

دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان ایک دوسرے کے ہاں دہشت گردی اور بدامنی میں ملوث ہونے کے الزامات پہلے بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

رواں ہفتے ہی سرتاج عزیز نے قومی اسمبلی میں ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ان کا ملک اپنے ہاں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کی خفیہ ایجنسی "را" کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے معاملے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی اٹھانے پر غور کر رہا ہے۔

پاک بھارت وزرائے اعظم کے درمیان گزشتہ ماہ روس کے شہر اوفا میں ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں ملکوں کے مشیر برائے قومی سلامتی کی ملاقات منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

دونوں ملک یہ کہتے ہیں کہ وہ اپنے تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے خواہاں ہیں لیکن مذاکرات کے ایجنڈے کی ترجیحات میں اختلاف کے باعث اس ضمن میں کوئی ٹھوس پش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

دریں اثناء پاکستان نے اپنے ہاں قید 183 ماہی گیروں کو رہا کر دیا ہے جنہیں واہگہ کی سرحد پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ان قیدیوں کو جذبہ خیر سگالی کے طور پر رہا کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG