رسائی کے لنکس

بھارت: پاکستانی مستحق مریضوں کو طبی ویزے جاری کرنے کا اعلان


بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ علاج کی غرض سے بھارت آنے والے جائز مریضوں کو طبی ویزے جاری کیے جائیں گے۔ فائل فوٹو
بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ علاج کی غرض سے بھارت آنے والے جائز مریضوں کو طبی ویزے جاری کیے جائیں گے۔ فائل فوٹو

سہیل انجم

وزیر خارجہ سشما سوراج نے دیوالی کے موقع پر کہا ہے کہ بھارت ان تمام پاکستانی مریضوں کو میڈیکل ویزے جاری کرے گا جو اس کے مستحق ہیں اور جن کی درخواستیں زیر غور ہیں۔ انہوں نے یہ اعلان جمعرات کے روز ٹوئیٹر پر کیا۔

چند روز قبل انہوں نے اسلام آباد میں واقع بھارتی ہائی کمشن کو ہدایت دی تھی کہ وہ آنکھ کے کینسر میں مبتلا ایک بچے، بون میرو پیوندکاری کے ایک مریض اور جگر کی پیوندکاری کے دو مریضوں سمیت دیگر مریضوں کو بھی میڈیکل ویزے جاری کرے۔

ایک پاکستانی خاتون آمنہ شمیم کی ویزہ درخواست پر، جن کے والد بغرض علاج دہلی میں ہیں اور جو ان کے پاس آنا چاہتی ہیں، سشما سوراج نے کہا کہ وہ پاکستان میں بھارتی ہائی کمشن سے رابطہ قائم کریں، ہم اس کی اجازت دیں گے۔

بھارتی وزیر خارجہ نے بدھ کے روز پاکستان میں اپنے ہائی کمشن کو ہدایت دی تھی کہ وہ ایک پاکستانی بچے کو میڈیکل ویزا جاری کرے۔ بچے کے والد کاشف نے ٹوئیٹر پر سشما سوراج سے درخواست کی تھی وہ ان کے بیٹے عبد اللہ کے علاج کے لیے ویزہ جاری کریں۔ جگر کی پیوندکاری کے بعد بچے کی طبی جانچ ہونی ہے۔ وزیر خارجہ نے ان سے بھارتی ہائی کمشن سے رابطہ قائم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اسے ویزہ دیا جائے گا۔

اپنے ایک اور ٹویٹ میں وزیر خارجہ نے کہا کہ اس پاکستانی خاتون کے لیے بھی میڈیکل ویزہ منظور کیا گیا ہے جو بھارت میں جگر کا آپریشن کرانا چاہتی ہیں۔ ان کے بیٹے رفیق میمن نے اس سلسلے میں سشما سے مداخلت کی اپیل کی تھی۔

سشما سوراج نے ایک اور شخص نذیر احمد کی درخواست پر بھی مثبت رویے کا مظاہرہ کیا۔ نذیر کا آٹھ سالہ بیٹا محمد احمد ایک سال سے ویزے کا انتظار کر رہا ہے۔

دونوں ہمسایہ ملکوں کے باہمی تعلقات میں کشیدگی کے باوجود اس سے قبل بھی سشما سوراج پاکستان کے متعدد مریضوں کے لیے میڈیکل ویزے جاری کرنے کے احکامات دے چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG