بھارتی پولیس نےایئر لائن پائلٹوں کے جعلی لائسنسوں کے اسکینڈل میں ایک سرکاری عہدے دار سمیت مزید چار افراد کو حراست میں لیا ہے۔
ہفتے کے روز نئی دہلی میں پولیس نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے افراد میں تین پائلٹ ، ایک شہری ہوابازی کے سرکاری ادارے کا سینیئر عہدے دار شامل ہے۔
پولیس کے عہدے داروں کا کہناہے کہ چاروں کا تعلق جعلی لائسنس جاری کرنے والے ایک خفیہ ادارے سے ہے جو ایسے طالب علموں کو لائسنس دیتی تھی جو بصورت دیگر پائلٹ بننے کے اہل نہیں تھے۔
اس اسکینڈل کا انکشاف اس وقت ہوا جب حکام کو پتا چلا کہ ایک طیارے کی کریش لینڈنگ کرنے والے پائلٹ کے پاس موجود لائسنس جعلی تھا۔
ہوا بازی کے حکام تقریباً 40 تربیتی اداروں کے جاری کردہ ہزاروں لائسنسوں کی چھان بین کررہے ہیں۔ اب تک وہ 14 ایسے پائلٹوں کے لائسنس منسوخ کرچکے ہیں جن کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ ان کے لائسنس جعلی ہیں۔