رسائی کے لنکس

جعلی لائسنس اسکینڈل : مزید دو بھارتی پائلٹ گرفتار


جعلی لائسنس اسکینڈل : مزید دو بھارتی پائلٹ گرفتار
جعلی لائسنس اسکینڈل : مزید دو بھارتی پائلٹ گرفتار

بھارت میں حکام نے ہوابازوں کو جعلی اسناد دینے کے ا سکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں مزید دو پائلٹوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

انسداد بدعنوانی کے محکمے کے ایک افسر نے میڈیا کو بتایا کہ ’ اسپائس جیٹ ‘ ائرلائن کمپنی کے لیے کام کرنے والے ان دونوں ہوا بازوں کو پیر کے روز مغربی بھارتی شہر جے پور سے گرفتار کیا گیا کیونکہ اُنھوں نے ہوا بازی کی جعلی اسناد دکھا کر کمرشل پائلٹ کے لائسنس حاصل کیے تھے۔

گزشتہ ہفتے کم ازکم چار پائلٹوں کی دستاویزات کے جعلی ہونے کے انکشاف کے بعد انڈین ایوی ایشن حکام نے ملک میں مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کے لیے کام کرنے والے تمام ہوا بازوں کی اسناد کی چھان بین کا حکم جاری کیا تھا۔

چار میں سے دو پائلٹوں کوگزشتہ ہفتے اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ جعلی اسناد پیش کر کے لائسنس حاصل کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ باقی دو کو معطل کردیا گیا اور محکمے کے بعض دیگر افسران کے ساتھ اُنھیں بھی بدعنوانی کے اس ا سکینڈل میں شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔

بھارت میں ایوی ایشن کے محکمے کے ڈائریکٹر جنرل بھرت بھوشن نے کہا ہے کہ ملک میں ہوا بازی کے تمام ا سکولوں میں تربیت اور لائسنس دینے کے عمل کا معائنہ کیا جائے گا۔ منگل کو صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ حکام کو تشویش ہے کہ بیرون ملک ہوابازی کی تربیت لینے کے لیے جانے والے طلباء بھی ایسے لائسنسوں کے ساتھ وطن واپس آتے ہیں جو جعلی یا پھر اپنی مدت پوری کرچکے ہوں۔

بھارتی پارلیمان میں حالیہ ہفتوں میں ناتجربہ کار یا پھر کم تربیت یافتہ پائلٹوں کے جہاز اُڑانے اور ہزاروں مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے پر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔ حزب اختلاف کے اراکین نے پائلٹوں کو لائسنس جاری کرنے کے عمل میں بدعنوانی کو روکنے میں ناکامی پر حکومت کو مسلسل ہدف تنقید بنایا ہوا ہے۔

بھارت میں معاشی ترقی کے باعث گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہوائی جہاز سے سفر میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ملک میں نجی فضائی کمپنیوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔یہ پیش رفت ملک میں تجربہ کار پائلٹوں کی کمی کا باعث بنی ہے اور جن کا حصول نجی کمپنیوں کے لیے ایک مسلسل جدوجہد بنا ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG